پاکستان نے پہلی آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں جگہ بنا لی

Posted on at


 
 

دبئی(قدرت نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم نے 2017 میں ہونے والی پہلی آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے لیے کولیفائی کرنے کے ساتھ ساتھ ایک لاکھ ستر ہزار امریکی ڈالر کی انعامی رقم بھی جیت لی ہے۔ 2013 میں اعلان کی گئی پہلی آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ 2017 میں کھیلی جائے گی اور اس کے لیے ٹیسٹ رینکنگ میں پہلے چار نمبروں پر موجود ٹیموں کو کوالیفائی کرنا تھا۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ عالمی رینکنگ میں 2014 میں جنوبی افریقہ کی ٹیم سب سے زیادہ 124 پوائنٹس حاصل کرکے پہلے نمبر پر ہے جب کہ آسڑیلیا 119 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، انگلینڈ 104 ساتھ تیسرے اور پاکستان 103 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری اعدادو شمار کے مطابق ہندوستان اس ٹیسٹ چیمپئن شپ میں جگہ بنانے میں ناکام رہا ہے۔ جنوبی افریقہ نے کیپ ٹاون میں ہونے والے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کی کر کٹ ٹیم کو دوسرے ٹیسٹ میں بھی ہرا کر آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن اپنے نام کی اور آئی سی سی کی جانب سے پانچ لاکھ امریکی ڈالر کی انعامی رقم جیتنے میں کامیاب ہوئی۔ دوسری پوزیشن پر موجود آسٹریلیا کے حصے میں آئی سی کی جانب سے تین لاکھ نوے ہزار امریکی ڈالر جب کہ انگلینڈ اور پاکستان کو بل ترتیب دو لاکھ اسی ہزار اور ایک لاکھ ستر ہزار امریکی ڈالر کی انعامی رقم ملے گی۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اگر پاکستان ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز میں کامیابی حاصل کر لیتی تو اسے بہتر رینکنگ کی وجہ سے دو لاکھ اسی ہزار ڈالر کی رقم ملتی۔ یاد رہے کہ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے لیے کوالیفائرز کا اندازہ یکم اپریل 2015 کو ہونا تھا تاہم کرکٹ ورلڈ کپ کی وجہ سے اب کوئی بھی ٹیسٹ سیریز نہیں کھیلی جائے گی اور یہی چاروں ٹیمیں پہلی آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کھیلیں گی۔

 


TAGS:


About the author

160