سیاحت اور پاکستان میں سیاحوں کے لیے سامان دلکشی(حصہ دوم)

Posted on at


پاکستان میں وادی سوات میں ہر طرف پھیلے دلفریب اور حسین نظارے ہر دم اپنا رنگ بدلتے نظر آتے ہیں۔ پہاڑوں پر دور دور آباد بستیاں ایک الگ تھلک دنیا کا نقشہ کرتی ہیں۔ برف پوش چوٹیاں  موسم گرما میں ہنسی اڑاتی محسوس ہوتیں ہیں۔ بل کھاتے ہوئے راستے کے ساتھ ساتھ دریائے سوات شور مچاتا جھاگ اڑاتا ایسا نظر آتا ہے کہ پانی نہیں دودھ کا دریا ہے ۔ وادی سوات میں منگورہ۔ سیدو شریف،  سفید محل ( مر غزار) نحرین، مالم جبہ، میاندم ، مدین ، کالام ، ماہو ڈنڈو کی تازہ اور فرحت بخش ہوا گرمی کے ستائے ہوئے سیاحوں کو ترو تازہ کر دیتی ہے اور راستے کی ساری تھکن دور ہوجاتی ہے۔

مالم جبہ میں ہر سال سرمائی سیاحت کو فروغ دینے کے لیے  سکی انگ کے مقابلے اور میلہ ہوتا ہے۔ جس میں ملکی اور غیر ملکی شائقین اور سیاح شرکت کرتے ہیں۔

گرمی کے ستائے ہوئے میدانی علاقوں کے لوگوں کے لیے ملکہ کوہسار مری، نتھیا گلی، ڈونگا گلی ، ایوبیہ، خانس پور، گھوڑا گلی، ٹھنڈیانی اور بھور بن جائے  پناہ ہے۔ یہ اپنے فطری حسن اور مسحور کن نظاروں کے لیے اپنی مثال آپ ہیں۔

دنیا کا آٹھواں عجوبہ سول انجینئرنگ کا شاہکار  شاہراہ قراقرم حویلیاں سے شروع ہوتی ہے  اور ایبٹ آباد ، مانسہرہ، تھاکوٹ، بشام ، پتن ، چلاس، گلگت اور ہنزہ سے ہوتی ہوئی پا ک چین سرحد خنجراب تک جاتی ہے۔ اسے پندرہ سال کے عرصہ میں پاکستان آرمی کے نوجوانوں اور چینی ماہرین نے  انتہائی دشوار گزار اور سنگلاخ چٹانوں کو کاٹ کر تعمیر کیا۔ اس پر سفر کرنا تاریخ کو دھرانا ہے  کیونکہ یہ قدیم اور اہم تجارتی شاہراہ ابریشم کی جگہ بنائی گئی ہے۔

شاہراہ قراقرم پر سفر کرتے ہوئے مانسہرہ سے ایک سڑک مشرق کو مڑ جاتی ہے جو بالاکوٹ اور ناران سے ہوتی ہوئی وادی کاغان کو جاتی ہے۔

ان خوبصورت جگہوں کے علاوہ پاکستان کے شہر بھی اپنے دامن میں سیاحوں کے لیے گونا گو دلچسپیوں کے سامان لیے ہوئے ہیں۔

پاکستان میں سیاحوں کے اپنے اپنے ذوق کے مطابق سب کچھ موجود ہے ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ قومی مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے  سیاحت کو ذیادہ سے ذیادہ فروغ دیا جائے۔ ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کو راغب کرنے کے لیے ابلاغ عامہ سے زیادہ سے زیادہ کام لیا جائے۔ اس سلسلے میں خاص طور پر ٹیلی ویژن اور بیرونی ممالک میں ہمارے سفارت خانے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ پاکستانی سیاحت خانے غیر ملکی سیاحوں کو زیادہ سے زیادہ سے معلومات فراہم کریں اور ویزہ کی پابندیاں نرم کریں۔ ملک کے اندر امن و امان قائم کیا جائے تاکہ سیاحوں میں عدم تحفظ کا احساس ختم ہو اور سیاحت کو فروغ ملے



About the author

shahzad-ahmed-6415

I am a student of Bsc Agricultural scinece .I am from Pakistan. I belong to Haripur.

Subscribe 0
160