وقت کی پابندی

Posted on at


وقت ہمارے پاس اللہ تعالی کی امانت ہے ۔ جس کا ایک لمحہ بھی ضائع کرنا اس امانت میں خیانت ہے۔وقت ایک ایسی قیمتی چیز ہے جسے کھو جانے کے بعد دوبارہ حاصل نہیں کیا جا سکتا۔ گزرے ہوئے وقت پر ہم صرف افسوس کر سکتے ہیں۔ اسے لوٹا نہیں سکتے اس لئے ہمیں وقت کی پوری قدر کرنی چاہئے ۔ تاکہ بعد میں پھچتانا نہ پڑے۔ مومن کی شان وقت کی قدر کرنا اور فضول کاموں سے بچنے میں ہے۔


حضرت محمدؐ نے فرمایا آدمی کے اسلام کا حسن یہ ہے کہ وہ فضول کام چھوڑ دے۔ جو طالب علم پڑھنے کے وقت کو کھیل کود میں ضائع کردے گا اسے پوری زندگی ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔کیونکہ وقت کبھی کسی کا انتظار نہیں کرتا۔ جو کام آج کرنا ہے اسے آج ہی کیا جائے۔ اسے کل پہ ٹال دینا وقت کی پابندی کے اصولوں کے خلاف ہے۔ اللہ تعالی نے پوری کائنات کو وقت کا پابند بنایا ہے۔ سورج اپنے وقت پر نکلتا اور غروب ہوتا ہے۔ موسم مقررہ وقت پر آتے جاتے ہیں۔


اللہ تعالی کا ارشاد ہے۔


وہی تو ہے جس نے رات اور دن کو ایک دوسرے کے پیچھے آنے اور جانے والا بنایا یہ باتیں اس شخص کے لئے سوچنے کی ہیں۔ جو غور کرنا چاہیں اور اللہ کی شکر گزاری کریں۔ اللہ تعالی نے تمام عبادات میں وقت کی پابندی کا حکم دیا ہے۔ بے شک نماز کا مومنوں پر اوقات مقررہ میں ادا کرنا فرض ہے۔ روزہ کا سحر و افطار کا وقت مقرر ہے۔ حج بھی مقررہ ایام میں ادا کیا جاتا ہے۔ اس بات کو بھی نہیں بھولنا چاہئے کہ وقت کی پابندی کامیابی کا راز ہے۔ اس لئے ہمیں وقت کی پابندی کا خیال رکھنا چایئے۔



160