مطالعہ کتب

Posted on at


حصول علم انسان کی تہذیبی ، تمدنی اور معاشرتی ضرورت ہے۔ ایک جاہل ، ان پڑھ اور گوار شخص اور مہذب، متمدن اور تعلیم یافتہ انسان میں علم ہی واحد ذریعہ امتیاز ہے۔ رسول پاکؐ نے مسلمان مردوں اور عورتوں کو مہد سے لحد تک حصول علم کی تاکید فرمائی ہے۔اس اعتبار سے علم کا حصول ایک مقدس مذہبی فریضہ ہے۔

مطالعہ کتب، حصول علم کا آسان ترین ذریعہ ہے۔ مختلف علوم و فنون کے ماہرین تک رسائی بعض اوقات مشکل ہوتی ہے۔ مگر ان کی تصنیف کردہ کتابوں سے گھر بیٹھے فائدہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔ علماء اور مصنفین اپنی اپنی عمر بھر کی تحقیقات اور تجربات و معلومات کو اپنی تصنیف میں محفوظ کر کے، آئندہ نسلوں کے لیے چھوڑ گئے ہیں۔ مطالعہ کتب ہمیں اسی علم سرمائے سے فیض یاب ہونے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

ہم نشینی اگر کتاب سے ہو

اس سے بڑھ کر کوئی رفیق نہیں

دور حاضر میں مطالعہ کتب کی اہمیت دو چند ہوگئی ہے۔ دور قدیم میں تو زیادہ تر اساتذہ ہی دنیا بھر کے علوم و فنون کا سرچشمہ ہوا کرتے تھے، مگر دور حاضر میں علوم و فنون کے خزانے میں بڑی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ نت نئے تجربات ہو رہے ہیں اور ان کے حیرت انگیز نتائج کی بناء پر نئے نئے اصول اور نئے نئے قانون مدین کیے جارہے ہیں۔

نئے نظریات وجود میں آرہے ہیں اور یہ ساری معلومات، سارے تجربات اور علم و فنون مرتب ہو کر کتابوں کی شکل میں ہمارے سامنے آرہے ہیں۔ ان سے آگاہی دور حاضر کا ناگزیر تقاضا ہے۔ اگر ہم نت نئے شائع ہونے والی کتابوں کے ذریعے اپنی معلومات کو نہیں بڑھائیں گے اور اپنے مطالعے کو اپ ٹو ڈیٹ نہیں رکھیں گے ، تو جدید دور کے تقاضوں کا ساتھ نہ دیں سکیں گے۔ ہمارا طرز احساس روح عصر سے ہم آہنگ نہ ہوا تو ہم ترقی و تعمیر کی دوڑ میں یقینی طور پر پیچھے رہ جائیں گے۔

جہاں تک مطالعہ کتب کے افادی پہلو کا تعلق ہے ، انفرادی اعتبار سے کتاب انسان کی بہترین دوست اور بہی خواہ ہے۔ دور حاضر میں انسان کی الجھنیں بہت بڑھ گئی ہیں اور اس کے مسائل و مصائب میں بے حد اضافہ ہو گیا ہے۔ ہر انسان دکھ درد اور انتشار و اضطراب کا شکار ہے۔ ایک اچھی کتاب انسان کی مشکلات میں مدد کرتی اور پریشانیوں میں اس کی دلداری کا سامان مہیا کرتی ہے۔ افکار و آلام کےہجوم میں کتاب انسان کے ذہنی سکون اور تفریح طبع کا بہترین ذریعہ ہے۔

رفیق کنج تنہائی کتاب است

فروغ صبع دانائی کتاب است



About the author

shahzad-ahmed-6415

I am a student of Bsc Agricultural scinece .I am from Pakistan. I belong to Haripur.

Subscribe 0
160