دین اسلام میں سنت نبوی ﷺ کی اہمیت

Posted on at


دین اسلام میں سنت نبوی کی اہمیت


ہمارے پیارے نبی حضرت محمد ﷺ نے اللہ کا پیغام لوگوں تک پہنچایا تو ساتھ ہی ساتھ اپنے عمل کے ذریعے سے اس کی مکمل تشریح بھی پیش کردی۔ آپ   نے جو کچھ ارشاد فرمایا ، یا جو کچھ کر کے دکھایا ، ان سب باتوں پر عمل کرنا بہت ضروری ہے۔ اور اس کو ہی سنت نبوی کہتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے۔ لقد کان لکم فی رسول اللہ اسوۃ حسنۃ۔ (الاحزاب ۲۱ ) ترجمہ تم کو اللہ کے رسول ﷺکی پیروی (کرنی) بہتر ہے۔



رسول اللہ ﷺ نے ہمیں زندگی گزارنے کے سارے طریقے سکھا دیے۔ پہلے ارکان اسلام کو دیکھ لیجیئے۔ ان میں سب سے زیادہ اہمیت نماز کی ہے۔ قرآن میں نماز کا حکم بار بار آیا ہے ، لیکن نماز ادا کرنے کا طریقہ اور اس کے اوقات معلوم کرنے کے لیے راہنمائی سنت نبویﷺ سے حاصل ہوتی ہے۔ دوسری اہم عبادت ادائیگی زکوۃ ہے۔ لیکن اس کے نصاب اور حقداروں کی تفصیل معلوم کرنے کے لیے ہمیں سنتِ نبویﷺ کو سامنے رکھنا پڑتا ہے۔ روزہ کے متعلق تمام مسائل ہمیں رسول اللہ ﷺ نے سمجھائے ہیں۔ اسی طرح حج کے متعلق تو آپ نے خود ارشاد فرمایا ہے کہ حج کے مناسک اور طریقے مجھ سے اچھی طرح سیکھ لو۔ غرض تمام ارکان اسلام کی ادائیگی کے سلسلے میں ہمیں مکمل راہنمائی سنتِ نبویﷺ ہی سے ملتی ہے۔



اللہ کا شکر ہے کہ رسول اللہ ﷺ کی زندگی بطور نمونہ ہمارے سامنے ہے۔ اس لیے ہم   کی زندگی کے تمام پہلوؤں کے بارے میں علم حاصل کرسکتے ہیں۔ انسانیت کی پوری تاریخ میں یہ مقام آپ   ہی کو حاصل ہے کہ آپ کی زندگی کے ایک ایک لمحے کی تفصیل موجود ہے۔ اگر ہم حضور ﷺ کے اسوہ حسنہ سے بے خبر ہوتے تو دوسرے مذہب کے لوگوں کی طرح ہم بھی بھٹک رہے ہوتے۔ اس لیے ہم خوش نصیب ہیں کہ ہمارے لیے حضور ﷺ کی پیروی کرنا آسان ہو گیا ہے۔ ہمیں زندگی کے ہر ہر قدم پر حضور ﷺ کے اسوہ حسنہ میسر ہے۔



ایک جگہ پر اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں: قل ان کنتم تحبون اللہ فا تبعونی یحیکم اللہ۔


ترجمہ: (اے نبی ﷺ) کہہ دیجیئے کہ اگر تم اللہ سے محبت رکھتے ہو تو میری پیروی کرو ، اللہ بھی تم سے محبت کرے گا۔ اس سے ظا ہر ہو جاتا ہے کہ دین اسلام میں سنت نبویﷺ کی عملی زندگی میں بہت اہمیت ہے۔ صحابہ کرام ؓ نے آپ ﷺ سے جو کچھ سنا جو کچھ آپ ﷺ کو کرتے دیکھا ، وہ دوسرے لوگوں تک پہنچا دیا تا کہ لوگ زندگی گزارنے کا صیح طریقہ سیکھ لیں۔ کوئی بھی شخص چاہے وہ جس مقام پر بھی ہو ، اسوہ حسنہ سے مکمل راہنمائی حاصل کر سکتا ہے۔ حاکم ہو یا محکوم ، جرنیل ہو یا سپاہی ، امیر ہو یا غریب ، استاد ہو یا طالب علم، سنت نبویﷺ اس کو مکمل راہنمائی فراہم کرتی ہے۔ اگر ہم سنتِ نبویﷺ پر عمل کریں گے تو دنیا اور آخرت دونوں میں کامیاب ہوں گے۔ اس لیے ہمیں سنتِ نبوی ﷺ سے محبت کرنی چاہیے اور اس پر عمل بھی کرنا چاہیئے



About the author

160