پائے (شوگراں) (آؤ پاکستان کی سیر کریں

Posted on at


اس خوبصورت ہل اسٹیشن کی سطح سمندر سے 9500 فٹ ہے۔ وادی بالاکوٹ سے اس کا فاصلہ تقریباََ 41 کلومیٹر ہے۔ اور سری سے صرف 3 کلومیٹر ہے جبکہ شوگراں سے فاصلہ 9کلومیٹر ہے۔پائے کے خوبصورت مناظر سے لطف اندوز ہونے کے لیے آپ جیپ کے ذریعے سفر کرسکتے ہیں پیدل صرف شوگراں اور سری سے پائے جا سکتے ہیں۔ یہ خوبصورت مقام سری سے تھوڑی بلندی پر کو مکڑا کے پاس ہے۔ بالاکوٹ سے آپ اس مقام تک تقریباََ 2 گھنٹے میں پہنچ سکتے ہیں۔

پائے ہل اسٹیشن پر قیام و طعام کی کوئی سہولت دستیاب نہیں ہے۔ کھانے پینے کے لیے ہلکا پھلکا سامان میسر ہے۔ قیام و طعام کے لیے کھانے پینے کا سامان اور کیمپنگ کے لیے ضروری سامان ساتھ لے کر جائیں یہ خوبصورت علاقہ غیر آباد ہونے کی وجہ سے رات کا قیام ممکن نہیں ہے۔ چائے پینے کے لیے مل جاتی ہے۔ یہ علاقہ غیر آباد ہونے کی وجہ سے یہاں پر زندگی کی ضروریات بالکل میسر نہیں ہیں۔ مگر مقامی لوگوں سے کھانے پینے کا معمولی سامان مل جاتا ہے۔

پائے کا علاقہ شوگراں کی خوبصورتی کا چاند ہے۔ اگرچہ پائے ایک چھوٹا سا ہل اسٹیشن ہے مگر اس کی اہمیت اپنی جگہ ہے ۔ پہاڑوں میں بادل کی ٹکڑیاں سارے علاقے کو اپنی اوٹ میں لے لیتی ہیں اور شبنم کے قطروں سے پورے علاقے کو جھلمل جھلمل کر دیتی ہیں۔

یہاں ہر طرف وسیع و عریض جڑی بوٹیوں کے میدان نظر آتے ہیں۔ان کی خوشبو سے آدمی پر خمار چھا جاتا ہے گھنی سر سبز گھاس اس مقام کو صحت افزا بناتی ہے۔ یہاں پر ایک ایسا پودا پایا جاتا ہے جس کی شکل بالکل سانپ سے ملتی جلتی ہے۔پائے کی آب وہوا دیگر وادیوں کی طرح بہت سکون بخش ہے۔ سردیوں کا موسم سرد اور برف باری سے مزین ہوتا ہے۔ گرمیوں کا موسم قدرے خنگ مگر خوشگوار ہوتا ہے۔ٹھنڈی اور تر ہوائیں چلتی ہیں۔ بادلوں کی آنکھ مچولی اور بارش کا آنا جانا موسم کو بہت حسین بنادیتا ہے۔ موسم ہر لمحہ اپنے رنگ بدلتا رہتا ہے۔ جو سیاح شوگراں کی سیاحت کے لیے آتے ہیں وہ ضرور پائے کے خوبصورت نظاروں سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ پائے اس علاقے کا دل ہے پائے کی سرسبز گھاس سے ڈھکی ہوئی اونچی اونچی جگہیں ایک دلفریب منطر پیش کرتی ہیں۔اس علاقے کے ساتھ ایک داستان بھی مشہور ہے جس کی وجہ سے ان علاقوں کا نا سری اور پائے پڑا۔

سیاحتی نقطہ نگاہ سے پائے کا ہل اسٹیشن سیاحوں کے لیے بہت کشش اور تسکین رکھتا ہے لوگ شوگراں تک تو جاتے ہیں مگر مناسب سیاحتی رہنمائی نہ ہونے کی وجہ سے پائے کے حُسن کا نظارہ نہیں کر پاتے آپ جب بھی شوگراں جائیں تو پائے کے حسین و جمیل مناظر ، برفانی چوٹیاں اور سر سبز سطح مرتفع کے نظاروں سے ضرور اپنے دل و دماغ کو تسکین بخشیں۔ سری اور پائے قدرت کے بہت ہی انمول اور شاندار تحفے ہیں۔ جو کہ شوگراں کے کندھے ہیں۔

 

 

 

 



About the author

160