حقیقی عید

Posted on at


حقیقی عید

عید کی حقیقی خوشیوں کو محض دنیاوی خوشیوں کے طور پر نہیں لینا چاہیے کہ انسان اپنے خالق و مالک کے احسانات کو فراموش کردے بلکہ ان خوشیوں کے دوران تو شئہ آخرت پر بھی نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔ حضرت انس بن مالکؒ فرماتے ہیں کہ مومن کی پانچ عیدیں ہیں۔

جس دن گناہ سے محفوظ رہے اور کوئی گناہ سرزد نہ ہو۔

جس دن دنیا سے اپنا ایمان سلامت لے جائے اس کی وہ عید ہے۔

 جس دن دوزخ کے پُل سے سلامتی کے ساتھ گزر جائے۔

 جس دن دوزخ سے بچ کر جنت میں داخل ہو جائے۔

 جس دن اپنے رب کی رضا کو پالے اور اس کے دیدار سے اپنی آنکھیں روشن کرے وہ اس کے لیے عید کا دن ہے۔

حضرت علیؓ کو کسی نے عید کے دن دیکھا کہ آپ خشک روٹی کھا رہے ہیں۔ دیکھنے والے نے کہا: اے ابو ترابؓ آج تو عید ہے۔ آپؓ نے فرمایا: ہم اپنی عید اس دن سمجھتے ہیں جس دن کوئی گناہ نہ کیا ہو۔

وہب بن معبہؓ کو کسی نے عید کے دن روتے دیکھ تو کہا: آج تو مسرت و شادمانی کا دن ہے۔ حضرت وہبؓ نے فرمایا: یہ خوشی کا دن اس کے لیے ہے جس کے روزے مقبول ہو گئے۔

حضرت شبلیؒ نے عید کے دن لوگوں کو کھیل کود میں مشغول دیکھ کر فرمایا: ،،لوگ عید میں مشغول ہو کر وعید کو بھول گئے،،۔۔

حضرت شیخ عبدالقادر جیلانیؒ عید کے آداب و فضائل کا ذکر کرتے ہوئے فرماتے ہیں۔

عید ان کی نہیں جنھوں نے عمدہ لباس سے اپنے آپ کو آراستہ کیا۔ عید تو ان کی ہے جو خدا کی وعید اور پکڑ سے بچ گئے۔ عید ان کی نہیں جنھوں نے آج بہت سی خوشبوؤں کا استعمال کیا، عید تو ان لوگوں کی ہے جنھوں نے گناہوں سے توبہ کی اور اس پر قائم رہے۔

عید ان لوگوں کی نہیں جنھوں نے بڑی بڑی دیگیں چڑھادیں اور بہت سے کھانے پکائے، عید تو ان کی ہے جنھوں نے حتی الامکان نیک بننے کی کوشش کی اور نیک بنے رہنے کا عہد کیا۔

عید ان کی نہیں جو دنیاوی زینت کے ساتھ نکلے، عید تو ان کی ہے جنھوں نے تقویٰ و پرہیز گاری کو زاد راہ بنایا۔

عید ان کی نہیں جنھوں نے عمدہ عمدہ سواریوں پر سواری کی، عید تو ان کی جنھوں نے گناہوں کو ترک کردیا۔

عید ان کی نہیں جنھوں نے اعلیٰ درجے کے فرش قالینوں سے اپنے مکانوں کو آراستہ کر لیا، عید تو ان کی ہے جو دوزخ کے پُل سے سلامتی کے ساتھ گزرگئے۔

عید ان کی نہیں جو کھانے پینے میں مشغول ہو گئے، عید ان لوگوں کی ہے جنھوں نے اپنے اعمال میں اخلاص پیدا کیا۔

اللہ رب العزت اُمت مسلمہ کو حقیقی عید سے بہرہ یاب فرمائے۔،،آمین،،۔



About the author

muhammad-haneef-khan

I am Muhammad Haneef Khan I am Administration Officer in Pakistan Public School & College, K.T.S, Haripur.

Subscribe 0
160