- خوش اخلا ق بنیے

Posted on at



جو خوش اخلاق ہوتا ہے،لوگوں سے خندہ پیشانی سے پیش آتا ہے ،مسکراکے بات کرتا ہے،حادثات ومشکلات کے مقابلے میں بردباری سے کام لیتا ہے ،ایسے شخص سے سبھی چاہتے ہیں کہ اس سے تعلقات قائم کریں اور اس سے راہ رسم بڑھائیں۔وہ شخص سب کی نظروں میں عزیز ومحترم ہوتاہے۔ ایسا شخص اعصابی کمزوری اور نفسیاتی بیماریوں کاشکار نہیں ہوتا۔زندگی کی مشکلات اور پریشانیوں پر غلبہ پالیتاہے۔ خوش مزاج انسان زندگی کا صحیح لطف اٹھاتا ہے اور اس کی زندگی بہت سکون سے گزرتی ہے۔


البتہ جو شخص بداخلاق ہوتاہے،لوگوں سے ترش روئی سے ملتا ہے،حوادث اور پریشانیوں کے وقت فریاد کرتاہے،بلاوجہ شورو ہنگامہ کرتا ہے،بدمزاج اور بد زبان ہوتا ہے اس کی زندگی تلخ وناگوارگزرتی ہے،خود بھی ہمیشہ پریشان رہتا ہے اور اپنے ساتھ رہنے والوں کی زندگی بھی وبال جان بنا دیتا ہے۔ لوگ اسے ناپسند کرتے ہیں اور اسے ملنے سے کتراتے ہیں،وہ نہ خود چین سے رہتا ہے اور نہ ہی اپنے گھر والوں اور حلقہ احباب کو چین سے رہنے دیتا ہے ۔ نہ اسے ٹھیک سے نیند آتی ہے نہ اچھی طرح کھا پی سکتا ہے۔ طرح طرح کی بیماریاں خصوصاً اعصابی امراض ایسے شخص کو گھیر لیتے ہیں۔اس کی زندگی ہمیشہ تلخ رہتی ہے۔ اور فریا کرتا رہتا ہے۔ اس کے دوست کم ہوتے ہیں اور وہ کسی کا محبوب نہیں ہوتا۔


رسول خدا صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں:


"بداخلاق انسان اپنے آپ کو دائمی رنج وعذاب میں مبتلا کرلیتاہے۔"


خوش اخلاقی سب کے لئے لازم ہے اور خاص طور پر میاں بیوی کے لئے تو بہت ضروری ہے کیونکہ وہ ہمیشہ ساتھ رہتے ہیں ۔


خاتون محترم اگر آپ چاہتی ہیں کہ آپ اور آپ کے شوہر اور بچوں کی زندگی اچھی طرح گزرے تواپنے اخلاق کی اصلاح کیجئے ۔ ہمیشہ خوش وخرم اور مسکراتی رہیئے ۔ آپ اپنی خوش اخلاقی کے ذریعہ اپنے گھر کو بہشت بریں بناسکتی ہیں ۔کیا یہ افسوس کی بات نہیں کہ بداخلاقی سے آپ اپنے گھر کو جہنم میں تبدیل کردیں اور خود کو اور اپنے شوہر اور بچوں کو اس عذاب میں مبتلا کردیں ۔ آپ چاہیں تو فرشتہ رحمت بن سکتی ہیں ،گھر کے ماحول شوہر اور بچوں کے دلوں کو مسرت وشادمانی عطاکرسکتی ہیں ،ان کے دل سے رنج وغم مٹاسکتی ہیں،صبح جب آپ کے بچے اسکول یاشوہر کام پر جارہے ہوں اور اگر آپ گرم جوشی اور مسکراہٹ کے ساتھ ان کو رخصت کریں توان کی روح اور اعصاب پر کیسا اچھا اثر پڑے گا اور اپنے کاموں کو انجام دینےکے لئے ان میں کیسی تازہ لہر دوڑ جائے گی ۔



About the author

DarkKhan

my name is faisal ......

Subscribe 0
160