قرآن

Posted on at




کتاب شریعت، کتاب حکمت، کتاب عبودیت



قرآن کریم اللہ تعالی کا آخری پیغام اور کتاب ہدایت ہے۔ اس کتاب کا بڑا اعجاز یہ ہے کہ نسل انسانی کے تمام طبقات اس سے استفادہ کرتے ہیں۔ ایک طرف نسل انسانی کے ذکی ترین لوگ اس کے سمندر میں غواصی کر کے معانی و حقائق، احکام و مسائل کے لعل و جوہر برآمد کرتے ہیں تو دوسری طرف قرآن کا دعوتی اور تزکیری پہلو ایک عام انسان کے دل بھی گرما تا اور روح کو جلا بخشتا ہے۔ قرآن نے اسلامی عقائد (توحید، رسالت، آخرت وغیرہ) کو ایسے سادہ اور مؤثر اسلوب میں بیان کیا ہے کہ ہر انسان اپنے ذہن اور ظرف کے بقدر اس سے استفادہ کر سکتا ہے۔



جنت اور جہنم کا ایسا نقشہ کھینچا ہے کہ اس کو پڑھ کے بے اختیار جنت کی طلب اور جہنم سے نجات کی تمنا پیدا ہوتی ہے۔ ایک عام مسلمان کی ذمہ داری ہے کہ وہ قرآن کی تلاوت کرنے کے ساتھ قرآن کے معانی و مطالب سے واقف ہونے کی حتی الامکان کوشش کرے۔ عربی زبان سے ناواقف ہونے کی صورت میں معتبر علماء کے لکھے تراجم قرآن اور تفاسیر سے استفادہ کرے۔ کوئی بات سمجھ میں نہ آۓ یا اشکال پیدا ہو تو مستند علماء کی طرف رجوع کرے۔ قرآن مجید ایک زندہ کتاب ہے، دلوں کو زندگی دیتی ہے، قوموں کی رہنمائی کرتی ہے۔ اس کی ہدایت کسی زمانے کی پابند ہے نہ وقت کی، اور نہ کسی مقام میں محدود ہے۔ اس لیے قرآن سے جتنا بھی تعلق ہو گا اور اس کے مطالعہ کا ذوق ابھرے گا اتنا ہی دنیا و آخرت میں فلاح و صلاح کا باعث ہو گا آپ صلی اللہ علیہ و سلم پر نازل ہونے والا کلام الہی قرآن مجید انسانیت کے لیے ابدی پیغام ہے، اس لیے قرآن مجید کی تفسیر و توضیح اور بیان و تشریح پراتنا کام ہوا ہے اور ہر پہلو سے اس کتاب مبین کی ایسی خدمت کی گئی ہے کہ تاریخ عالم میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔



About the author

160