اگر موبائل فون گم ہو جائے تو فوری کیا کرنا چاہئے؟ جانئے انتہائی مفید معلومات

Posted on at


لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) موبائل چھیننے کی بڑھتی ہوئی وارداتیں ہر شہری کیلئے پریشان کن ہیں اور ان وارداتوں کے دوران سب سے زیادہ جو چیز چھینی جاتی ہے وہ موبائل فونز اور نقدی ہے۔ جدید سمارٹ فونز انتہائی مہنگے ہوتے ہیں اس لئے ان کے چھن جانے پر دکھ بھی ہوتا ہے اور آپ انہیں واپس بھی نہیں لے سکتے لیکن اگر چاہیں تو اسے مستقل طور پر بند ضرور کرا سکتے ہیں تاکہ اگر آپ کا پیارا فون آپ کے پاس نہیں رہا تو کسی اور کے استعمال کے قابل بھی نہ رہے۔

موبائل فون کو بند کرانے کیلئے اس کا آئی ایم ای آئی نمبر ہونا چاہئے جسے کسی بھی موبائل پر #06#* ڈائل کر کے حاصل کیا جا سکتا ہے۔ آپ ہمیشہ نیا موبائل حاصل کرنے کے بعد اس کا آئی ایم ای آئی نمبر ضرور کسی جگہ پر محفوظ کر لیں تاکہ بوقت ضرورت یہ کام آ سکے۔ موبائل چوری، گم یا چھینے جانے کی صورت میں 15 پر اپنی شکایت درج کرائیں اور موبائل کا آئی ایم ای آئی نمبر، اپنا شناختی کارڈ نمبر، فون نمبر اور ایڈریس دیں۔ ضروری جانچ پڑتال کے بعد فراہم کردہ آئی ایم ای آئی والا موبائل فون بند کر دیا جائے گا اور یہ استعمال کے قابل نہیں رہے گا اور اس طرح موبائل چوری اور چھینے جانے کی وارداتیں کرنے والے افراد کی حوصلہ شکنی ہو گی۔
یہاں یہ بتانا ضروری ہے کہ ہر موبائل فون کا آئی ایم ای آئی نمبر دوسرے سے مختلف ہوتا ہے۔ جو کسی بھی موبائل کے ماڈل، اس کے مینوفیکچرر اور دیگر معلومات کے حصول کیلئے استعمال ہوتا ہے۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کسی بھی موبائل کے اصل مالک کی شکایت پرآئی ایم ای آئی نمبر کے ذریعے چوری شدہ اور چھینے گئے موبائل فونز کو بند کر دیتی ہے جس کے بعد یہ استعمال کے قابل نہیں رہتا اور صرف ایک چلتا پھرتا میڈیا باکس ہی رہ جاتا ہے اور اگر خوش قسمتی سے کسی کو اپنا موبائل فون واپس مل جاتا ہے تو پی ٹی اے ضروری معلومات اور تصدیق کے بعد اسے ان بلاک کر دیتی ہے۔

پی ٹی اے کی جانب سے جاری ہونے والی سالانہ رپورٹ کے مطابق شہریوں کی شکایات پرگزشتہ ایک سال کے دوران 108,031 موبائل فون بند کئے گئے ہیں جبکہ اسی عرصے کے دوران 3,962 موبائل فونز کو ان بلاک بھی کیا گیا ہے۔ پی ٹی اے کی جانب سے جاری ہونے والی سالانہ رپورٹ کے مطابق سال 2007-08 کے دوران 157,826 موبائل فونز بلاک کئے گئے جبکہ سال 2008-09 میں 127,568 موبائل فونز کو بند کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق 2009-10 میں 130,298 موبائل فونز بند ہوئے، سال 2010-11 میں 111,545 موبائل فونز بلاک ہوئے، 2011-12ءمیں 84,849 موبائل فونز بلاک ہوئے، 2012-13 میں 73,474 موبائل فونز بند ہوئے، سال 2013-14 کے دوران 95,750 اور 2014-15 کے دوران 108,031 موبائل فون بند ہوئے۔



About the author

160