زندگی کی حقیقت

Posted on at


ایک فلاسفی کے پروفیسر اپنی کلاس کے سامنے کھڑے تھے اور ان کے سامنے میز پر کچھ چیزیں رکھی تھیں- جب کلاس شروع ہوئی تو انھوں نے بغیر کچھ کہے ایک بڑی سی خالی مایونیز کی بوتل اٹھائی اور اس میں پتھر بھرنے لگے- انھوں نے تقریبا دو انچ پتھر بھر دئے- پھر انھوں نے پوری کلاس میں موجوس طالبعلموں سے سوال کیا کہ کیا یہ بوتل بھری ہوئی ہے؟ سب ان کی بات سے رضامند تھے اور سب نے جواب دیا کہ ہاں یہ بوتل بھری ہوئی ہے-

اس کے بعد پروفیسر نے کنکروں کا ڈبہ اٹھایا اور ان کنکروں کو اسی بوتل میں ڈالنے لگے- پھر انھوں نے اس بوتل کو تھوڑا سا ہلایا- کنکر پھسل کر ان خلوں میں بھر گئے جو پتھروں کے درمیان تھے- پروفیسر نے ایک دفعہ پھر طالبعلموں سے سوال کیا کہ کیا یہ بوتل بھر چکی ہے؟ ایک بار پھر سب کا جواب یہی تھا کہ ہاں یہ بھر چکی ہے-

اب پروفیسر نے ریت کا ڈبہ اٹھایا اور اسے بوتل میں ڈالنا شروع کیا اور پھر ریت نے تمام خلا جو رہ گئے تھے ان سب کو پر کر دیا- اب کی بار بھی پروفیسر کا سوال وہی تھا کہ کیا یہ بوتل بھری ہوئی ہے؟ اس دفعہ بھی تمام طالبعلم اپنے پروفیسر کی بات سے متفق تھا اور ان سب کا جواب ہاں میں تھا-

پروفیسر نے کہا کہ اب میں تم لوگوں کو یہ بتانا چاہتا ہوں کے یہ بوتل تم سب کی زندگیوں کو ظاہر کرتی ہے- یہ پتھر تمہاری زندگیوں کی سب سے اہم چیزوں کو ظاہر کرتے ہیں، جیسے کہ تمہاری فیملی، تمہارا جیون ساتھی، تمہاری صحت اور تمہارے بچے وغیرہ- یہ وہ چیزیں ہیں کہ اگر تم ان کے علاوہ باقی سب کچھ کھو بھی دو تب بھی تمہاری زندگی بھری ہوئی ہوگی

 
کنکر ان تمام دوسری چیزوں کو ظاہر کرتے ہیں جو انسانی زندگی میں اہمیت رکھتی ہیں لیکن ان کی اہمیت پتھروں کے مقابلے میں قدرے کم ہے- ان چیزوں میں تمہاری نوکری، گھر اور گاڑی وغیرہ شامل ہیں-

اب بات کرتے ہیں ریت کی تو ریت تمام چھوٹی چھوٹی انسانی خواہشات اور چیزوں کی نمائندگی کرتی ہے- اگر تم سب سے پہلے ریت کو اس بوتل میں بھرو گے تو پھر اس بوتل میں کنکروں اور پتھروں کے لئے جگہ کہاں باقی رہے گی- یہی حال تم سب کی زندگیوں کا ہے-

اگر تم لوگ اپنی تمام تر طاقت اور وقت ان چھوٹی چھوٹی چیزوں پر ضائع کر دو گے تو پھر تمہارے پاس ان چیزوں کے لئے جگہ کہاں بچے گی جو تم سب کی زندگیوں میں بہت اہم ہیں- اپنی زندگی میں ان چیزوں پر توجہ دو جو تمہاری خوشی کے لئے بہت ضروری ہیں- اپنے بچوں کے ساتھ کھیلو، اپنے جیون ساتھی کے ساتھ وقت گزارو اور اپنے والدین کی خدمت کرو- تمہارے پاس اب بھی اتنا وقت ہوگا کہ تم کام پر جاسکو، گھر صاف کرسکو اور اپنے معاملات کو حل کرسکو-

آج کل ہر انسان کی زندگی کا مقصد کنکروں اور ریت کو حاصل کرنا ہے- جو صرف وقتی خوشی کا ذریعہ ہیں لیکن ان کو حاصل کرنے میں انسان اس قدر مصروف ہو چکا ہے کہ اسے یہ پرواہ بھی نہیں رہتی کہ وہ زندگی کے سب سے اہم پتھروں کو نظرانداز کر رہا ہے-

اپنی زندگیوں میں سب سے زیادہ خیال پتھروں کا رکھو جو تمہاری زندگیوں کا سب سے اہم جز ہیں- زندگی میں ہر رشتے اور ہر شے کی ایک مخصوص جگہ ہوتی ہے- اگر تم ان چیزوں کی جگہ کے بارے میں جان جاؤ گے تو تم رشتوں کو بہتر طریقے سے نبھا سکتے ہو- باقی جو چھوٹی چھوٹی چیزیں ہیں وہ ریت کے مترادف ہیں اور انھیں اتنی ہی اہمیت دینا سیکھو-


TAGS:


About the author

160