پاکستان کی ثقافت کی خصوصیات

Posted on at


آج پاکستان کی ثقافت کے جو خدوخال ہمیں نظر آتے ہیں۔ وہ ہمارے ہزاروں سالہ ثقافتی ورثے کا حصہ ہیں۔ ہمارے رجحانات، فنون، دست کاریوں، رہن سہن اور لباس میں اب بھی بہت کچھ ایسا موجود ہے جسے سمجھنے اور پرکھنے کے لیے ہمیں اپنے ماضی میں بہت پیچھے جانا پڑتا ہے، مگر پچھلے ایک ہزار سال سے مذہب اسلام نے ہماری ثقافت پر گہرے اثرات مرتب کیے ہیں۔

ہماری ثقافت کی سب سے بڑی خاصیت اس کا اسلامی رنگ ہے۔ ہماری آبادی کی غالب اکثریت مسلمان ہے اور ایک مضبوط کڑی ہے جو ہمیں بھائی چارے، دوستی اور محبت کے لازوال رشتوں میں باندھے ہوئے ہے، کیونکہ اسلام نسلی برتری، ذات پات اور علاقائی دھڑے بازیوں کی نفی کرتا ہے۔ ایک علاقے کے لوگ دوسرے علاقے کے لوگوں کے ساتھ آزادانہ میل جول کرتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ملک میں تمام اقلیتوں کو اسلامی تعلیمات کے مطابق ہر طرح کی مراعات اور آزادی حاصل ہے۔

پاکستان کی ثقافت ایک مخلوط ثقافت ہے۔ مختلف زاویوں سے دیکھنے سے اس کے مختلف پہلو نمایاں ہوتے ہیں۔ مقامی باشندوں کے علاوہ یہاں ایرانی ، عربی، تورانی اور یونانی نسلوں کے لوگ آبا د ہیں۔ ہر گروہ اپنے ساتھ اپنے اپنے علاقائی اور نسلی رسم و رواج، رہن سہن کے طریقے ، لباس اور زبان لے کر آیا تھا۔ اس گروہی ثقافت نے دوسرے گروہوں پر اثر ڈالا۔ ان تمام ثقافتی دھاروں کا مرکز پاکستان کی ثقافت ہے۔

پاکستانی معاشرے میں مرد کو مرکزی حیثیت حاصل ہے۔ وہ خاندان کا سربراہ ہوتا ہے۔ نسل باپ کے نام سے چلتی ہے مگر اس کے ساتھ پاکستانی معاشرے میں عورت کو بھی اہم مقام حاصل ہے۔ گھر کے اندر اسی کی حاکمیت ہے۔ گھر کی دیکھ بھال  اور اولاد کی تربیت کی اسی کی ذمہ داری ہے۔ عورت کو تعلیم حاصل کرنے ، جائیداد بنانے، کاروبار کرنے اور وراثت میں اسلامی قانون کے مطابق حصہ طلب کرنے کا پورا پورا حق حاصل ہے۔ شادی میں اس کی رضامندی لازمی ہے۔ پاکستانی کی ثقافت کی بنیاد چونکہ اسلام ہے۔ اس لیے  مرد اور عورت کے حقوق کا تعین اسلامی تعلیمات کی روشنی میں ہی کیا جاتا ہے۔

پاکستانی معاشرت بنیادی طور پر سادہ  اور حیادار ہے۔ لوگ عام طور پر روایت پسند ہیں اور ان کے رسم و رواج سادہ اور دلچسپ ہیں۔ زیادہ تر لوگ مشترکہ خاندانی نظام کے زیر اثر زندگی گزارتے ہیں۔ بڑوں کی عزت اور چھوٹوں سے پیار کیا جاتا ہے۔ لوگوں میں رواداری اور بردباری کا جذبہ موجود ہے۔ خواتین کو عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ زیادہ تر آبادی دیہات میں ہے جہاں لوگ کھیتی باڑی کر کے اور مویشی پال کر زندگی گزارتے ہیں۔ شہروں میں اکثر لوگ ملازمت پیشہ اور تاجر ہیں۔ شادی بیاہ اب بھی روایتی انداز میں ہوتے ہیں۔



About the author

shahzad-ahmed-6415

I am a student of Bsc Agricultural scinece .I am from Pakistan. I belong to Haripur.

Subscribe 0
160