’مفت شراب نہ پلانے پر شہر کی بجلی بند‘

Posted on at


شرقی چین میں ایک بجلی کمپنی کے عملے نے مفت شراب نہ پلانے پر شراب خانے کے عملے سے جھگڑنے کے بعد اس علاقے کی بجلی بند کر کے ہزاروں گھروں کو تاریکی میں ڈبو دیا۔

روزنامہ ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والی ایک خبر میں بتایا گیا ہے کہ صوبہ ہینان کے ایک شراب خانے میں بجلی فراہم کرنے والی کمپنی کے ملازمین اور شراب خانے کے عملے کے درمیان تو تو میں میں ہو گئی، جس کے بعد بجلی کمپنی کے ملازمین نے سارے علاقے کی بجلی منقطع کر دی۔

خبر کے مطابق صوبہ ہینان کے کئی علاقوں میں لوگ چھ گھنٹے تک بجلی سے محروم رہے۔

اس خبر کی تفصیل کچھ یوں ہے کہ شراب خانے میں ’کیریوکی نائیٹ‘ چل رہی تھی جہاں مختلف لوگ گانے سنا رہے تھے۔

اس دوران بجلی کپمنی کے افسران نے مفت شراب کے ایک دور کا مطالبہ کر دیا جسے شراب خانے کے عملے نے تسلیم نہیں کیا۔ اس پر کمپنی کے اہلکاروں نے بار کے شیشے توڑ دیے۔

لڑائی جھگڑے کے دوران کمپنی کے ایک اہلکار نے شراب خانے کی بجلی بند کر دینے کی دھمکی دی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ شراب خانے پر ’بجلی کے شیر کا قہر‘ نازل کر دیں گے۔ یاد رہے کہ چین میں بجلی فراہم کرنے والی سرکاری کمپنی کو لوگ ’بجلی کا شیر‘ بھی کہتے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق اس دھمکی سے پہلے کمپن کے اہلکار بیئر کے کئی کریٹ چڑھانے کے علاوہ مہنگی شراب کی کئی بوتلیں بھی اُڑا چکے تھے۔

بار کے عملے کا کہنے تھا کہ لڑائی جھگڑے کے دوران انھوں نے کمپنی کے ایک اہلکار کو ٹیلی فون پر اپنے ماتحت اہلکار کو یہ ہدایت دیتے ہوئے سنا کہ مرمت کے بہانے بجلی کے پلانٹ کو بند کر دو۔

اس واقعے کے بعد مقامی سرکاری کمپنی ’ہیبی سٹی الیکٹرسٹی سپلائی کمپنی‘ نے اپنے صارفین سے معذرت کی اور اس کا کہنا تھا کہ وہ اس واقعے سے ’بہت بڑا سبق‘ سیکھے گی۔

مذکورہ پلانٹ کے مینیجر کو نوکری سے برخاست کر دیا گیا ہے جبکہ ایک دوسرے اہلکار کو دو سال کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ دونوں اہلکاروں کو جرمانے کی سزا بھی سنائی گئی ہے اور واقعے میں ملوث دیگر افراد کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ آئندہ غل غپاڑے سے پرہیز کریں۔



About the author

Adnan-Mohmand

My short biography would be as follow… I am Adnan Mohmand....

Subscribe 0
160