کیا یہ کھلا تضاد نہیں ؟

Posted on at


کیا یہ کھلا تضاد نہیں ؟
ہمارے معاشرے میں اکثر والدین پان اور تمباکو کھاتے ہیں،لیکن کہیں بیٹے کے بارے میں شک بھی ہو جاۓ کہ وہ دوستوں میں سگریٹ پی رہا ہوگا یا پی سکتا ہے تو ،اسی حلق سے ،جو رات دن ،کتھا ،چونا ،چھالیہ اور تمباکو جیسے مضر صحت اجزا سے تر بتر رہتا ہے ،بچے کی صحت اور صحبت کی خرابی کے دکھ سے بھر جاتا ہے .
دنیا بھر میں صرف سگریٹ کا عالمی دن اس لیے منایا جاتا ہے کہ وہاں پان ،میٹھی سپاری وغیرہ جیسی لتیں نہیں پائی جاتیں (یہ الگ بات ہے کہ وہ براہ راست ڈرگز پر آجاتے ہیں ).
لیکن وجہ دراصل یہ ہے کہ ہماری اکثریت پان یا میٹھی چھالیہ کو اتنی بڑی وبا یا خطا سمجھتے ہی نہیں جتنی وہ ہیں اسی لیے تو پاکستانی خوشی کی تقریبات میں بچہ بچہ حق سے میٹھا پان کھا رہا ہوتا ہے،نکاح کے چھوہاروں کے ساتھ سونف سپاری ایک روایت کے طور پر تقسیم کی جارہی ہوتی ہے .
جنازہ دفنا کر لوگ سگریٹ کے کش لیتے ہوۓ میت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ بڑا خدمت خلق کرتے تھے، لیکن بھائی صاب کو لنگ کینسر نگل گیا، دوسرے صاحب غم غلط کرنے کو ، جیب میں پان کی گلوری ٹٹولتے ہوئے انہیں تسلی کے دو بول کہہ کر روانہ ہوتے ،اگلے موڑ پر ایک لمبی سرد آہ اندر کھینچ کر اس سے بھی بڑی پیک سے کسی دیوار پر اپنے سگنیچر رسید کر جاتے ہیں .
اصل میں ہمارا ہر طور ہی "گھور پیا کوئی ہور "والا ہے جب تک کوئی بہت ہی بڑا حادثہ نہ ہو جاۓ ،ہمارے کانوں پر جوں بھی نہیں رینگتی اور معاملہ جوں کا توں رہ جاتا ہے ،جیسے کہ کچھ عرصے قبل تک پنجاب میں، بسنت کے تہوار کے نام پر بو کاٹا کے آڑ میں ایمان و حیا کی شہ رگ کٹ رہی تھی مگر کسی کے لیے فکر کی کوئی بات نہ تھی ،لیکن جب پتنگ کی ڈور لوگوں کےگلے پر پھرنےسے کئی اموات ہوئیں تب جاکر کسی حد تک بسنت منانے پر پابندی لگائی گئی.
اس بات پر ایمان ہونے کے باوجود کہ "بے شک دلوں کو اطمنان اللہ ہی کے ذکر سے ملتا ہے " یہ سمجھنا کہ سگریٹ پینے یا پان کھانے سے انزایٹی ، ڈپریشن ،فرسٹریشن اور ذہنی دباؤ سے نجات ملتی ہے، یہ صرف کھلا تضاد ہی نہیں، بلکہ خود کو بہت بڑا دھوکہ دینا ہے
اور جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ سگریٹ یا پان حرام نہیں ،ان سے دو باتیں مودبانہ عرض ہیں ،پہلی یہ کہ ایک مسلمان پر فرض ہے کہ وہ ایسے، ہر عمل سے دور رہے جس سے اس کے مال .صحت .عقل اور اخلاق کو نقصان پہنچے ، دوسرا یہ کہ جب کھاۓ تو ایسی
چیز جو کہ حلال اور طیب ہو ،تو یہ دونوں ہی بلاۓ جان حلال ہوں تب بھی،
طیب تو کسی صورت نہیں ہو سکتیں


About the author

160