جنتیوں کے لئے سب سے بڑی نعمت رب کا دیدار

Posted on at


سب سے بڑی نعمت اور سب سے بڑی کرم نوازی وہ ہے جس کے سامنے ساری نعمتیں ہیچ ہیں اور وہ ہے اللہ تعالیٰ کے با برکت چہرے کا دیدار۔ جریر بن عبد اللہ کہتے ہیں ہم رسول اللہ ﷺ کے پاس تھے آپ نے چودھویں رات کے چمکتے چاند کی جانب دیکھ کر فرمایا:
«إنكم سترَون ربَّكم عِيانًا كما ترَون هذا القمرَ، لا تُضامُون في رُؤيتِه»؛ متفق عليه.
''یقیناً تم اپنے رب کو اپنی آنکھوں سے اسی طرح دیکھو گے جیسے اس چودھویں رات کے چاند کو دیکھ رہے ہو، تمہیں دیدار کرنے میں کسی قسم کی تنگی بھی نہیں ہو گی۔''
اہل جنت اور اللہ تعالیٰ کے چہرے کے درمیان صرف ایک حجاب ہو گا، اس دن آواز لگانے والا کہے گا: اہل جنت اللہ تعالیٰ نے تمہارے ساتھ ایک وعدہ کیا ہوا ہے جس کو وہ پورا کرنا چاہتا ہے، سب کہیں گے: وہ کونسا وعدہ ہے؟ اللہ نے ہمارے نامہ اعمال والا پلڑا بھی وزنی کر دیا، ہمارے چہروں کو سفید چمکتا دمکتا بنایا، ہمیں جنت کا داخلہ بھی نصیب کردیا اور جہنم سےبھی ہمیں دور رکھا (اب کیا باقی رہ گیا ہے؟) اللہ تعالیٰ پھر اپنے چہرے سے پردہ ہٹائے گا اور تمام جنتی اپنے رب کا دیدار کریں گے اوریہ دیدار سب کے نزدیک ہر نعمت سے زیادہ محبوب ہوگا۔
اللہ اکبر! اللہ اکبر! اللہ نے انہیں ہر قسم کی نعمت بھی دی اور انکی خواہشات سے بڑھ کر انہیں عنایت فرمایا۔
اللہ تعالی مجھے اور آپ سب کو اہل جنت میں سے بنائے اور ہمیں اچھا بدلہ اور اپنا دیدار نصیب فرمائے۔ (آمین)


About the author

160