بنگلادیش پریمیئر لیگ میں مصباح الحق نے محمد عامر کی تمام کوششوں کو روند ڈالا

Posted on at


بی پی ایل کے پہلے میچ میں مصباح الحق نے 61 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ محمد عامر نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ فوٹو : فائل

میرپور: بنگلادیش پریمئیر لیگ کے ایک میچ میں قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے محمد عامر کی اپنی ٹیم کے لئے پیش کردہ بہترین پرفارمنس کو روند ڈالا۔

میرپورکے شیربنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے بی پی ایل کے پہلے میچ میں رنگ پور رائیڈرز نے دلچسپ مقابلے کے بعد چٹاگانگ وائکنگز کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی۔ چٹاگانگ کے کپتان تمیم اقبال نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنائے جس میں کپتان تمیم اقبال 51، تلکارتنے دلشان 29، انعام الحق 36 اور جیون مینڈس 39 رنز شامل تھے۔

ہدف کے تعاقب میں رنگ پور کے اوپننگ بلے باز سومیا سرکار اور لینڈل سمنز نے جارحانہ انداز اپنایا ہی تھا کہ محمد عامرکی تباہ کن بولنگ کے سامنے ابتدائی 2 بلے باز پویلین لوٹ گئے، عامر کے دوسرے اوور کی آخری دو گیندوں پرسومیا سرکار20 اور لینڈل سمنز ایک رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، یہی نہیں 22 کے مجموعے پر ہی تیسری اور 23 کے مجموعی اسکور پر چوتھی وکٹ گری۔ جس کے بعد مصباح الحق نے روایتی انداز میں مرد بحران کا کردار ادا کرتے ہوئے ہدف کے تعاقب کا بیڑا سنبھالا اور ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا۔ پانچویں وکٹ پر مصباح الحق نے الامین کے ساتھ 64 رنز کی اہم شراکت قائم کی جو 38 رنز بنانے کے بعد چکمبورا کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ پانچ وکٹیں گرنے کے باوجود مصباح الحق نے جارحانہ انداز اپنائے رکھا اور تھسارا پریرا کے ساتھ چھ اوورز میں 80 رنز کی جارحانہ شراکت قائم کی۔

میچ اس وقت دلچسپ صورت اختیار کرگیا جب محمد عامر نے لگاتار دو گیندوں پر 2 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا جس میں سیٹ بیٹسمین مصباح الحق اور پریرا شامل ہیں۔ پریرا نے 17 گیندوں پر 43 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں چار چوکے اور تین چھکے شامل تھے جب کہ مصباح الحق نے 6 چھکوں اور3 چوکوں کی مدد سے 39 گیندوں پر 61 رنز بنائے۔ رنگ پور کو جیت کے لئے آخری اوور میں 14 رنز درکار تھے لیکن شفیع الاسلام 14 رنز کا دفاع نہ کر سکے۔

محمد عامر نے چار اوورز میں ایک میڈن کرتے ہوئے 30 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں جب کہ مصباح الحق کو شاندار پرفارمنس پر میچ کے بہترین کھلاڑی کے اعزاز سے نوازا گیا۔



About the author

160