ہر سیکنڈ ایپل، گوگل اور فیس بک کتنی رقم کماتے ہیں؟

Posted on at


ہر سیکنڈ ایپل، گوگل اور فیس بک کتنی رقم کماتے ہیں؟ جواب آپ کے تمام اندازے غلط ثابت کردے گا

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) ٹیکنالوجی کے میدان کی بے تاج بادشاہ کمپنیوں ایپل، گوگل، فیس بک و دیگر غیریقینی طور پر بھاری منافع کما رہی ہیں۔ ہمیں ان کے منافع کے بارے میں علم سال کے اختتام پر ہی ہوتا ہے جب یہ اپنی رپورٹس جاری کرتی ہیں، لیکن اب ہم ہر لمحہ ان کے منافع سے باخبر رہ سکتے ہیں۔ ’’پینی سٹاکس لیب‘‘ (Penny Stocks Lab) نامی ایک فرم نے ایک الیکٹریکل گراف بنایا ہے جس پر ان کمپنیوں کا ہر سیکنڈکا منافع بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ اس گراف کے مطابق ایپل، گوگل کی کمپنی ایلفا بیٹ اور فیس بک مجموعی طور پر اوسطاً 2ہزار ڈالر(تقریباً 2لاکھ 8ہزار 500روپے)فی سیکنڈ جبکہ 1لاکھ 40ہزار ڈالر(تقریباً 1کروڑ45لاکھ91ہزار روپے) فی منٹ خالص منافع کما رہی ہیں۔ گراف کے مطابق اس تمام منافع میں 50فیصد حصہ ایپل کا ہے۔ اس طرح ایپل تمام ٹیکنالوجی کمپنیوں سے زیادہ منافع کمانے والی کمپنی ہے۔

مزید جانئے: سماجی رابطوں کی ویب سائٹس فیس بک اور انسٹاگرام پر انفرادی طور پراسلحہ کی تشہیر پر پابندی
برطانوی اخبار ’’ڈیلی میل‘‘ کی رپورٹ کے مطابق پینی سٹاکس لیب کے اس گراف میں ایمازون، یاہو، یوٹیوب، مائیکروسافٹ، سکائپ، لنکڈان، پینڈورا اور ٹوئٹروغیرہ بھی شامل ہیں۔ اس گراف پر ان کمپنیوں کی ہر سیکنڈ کی کل آمدنی اور خالص منافع دونوں دکھائے گئے ہیں اور ہر گزرتے سیکنڈ کے ساتھ اس شرح آمدن و منافع میں تبدیلی ہوتی رہتی ہے۔ اس طرح اب صارفین ان کمپنیوں کی ہر سیکنڈ کی آمدنی اور منافع سے باخبر رہ سکتے ہیں۔گراف سے یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ کس طرح چاروں ٹیکنالوجی کمپنیاں ایپل، گوگل، مائیکرو سافٹ اور فیس بک منافع کمانے میں دنیا کی بڑی آئل کمپنیوں کو بھی پیچھے چھوڑ گئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ایپل نے گزشتہ سال اپنے آئی فونز کی ریکارڈ فروخت سے 53.4ارب ڈالر(تقریباً54کھرب روپے) خالص منافع کمایا تھااور اب بھی گراف میں سب سے اوپر کھڑی ہے۔ ایپل نے 2008ء میں بھی دنیا کی آئل کمپنیوں سے زیادہ منافع کمایا تھا۔


 



About the author

160