کرنسی سمگلنگ کیس: تحقیقات کا دائرہ وسیع، ایان کیخلاف خفیہ چھان بین

Posted on at


کرنسی سمگلنگ کیس: تحقیقات کا دائرہ وسیع، ایان کیخلاف خفیہ چھان بین

اسلام آباد (صباح نیوز) کرنسی اسمگلنگ کیس میں تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھی ڈالر گرل ایان کے خلاف خفیہ چھان بین شروع کر دی ہے۔ خفیہ اداروں کی جانب سے ماڈل کے اہم شخصیات سے روابط اور تعلقات کے شعبے میں تحقیقات کا آغاز کیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق غیرملکی کرنسی سمگلنگ کیس میں ملوث ماڈل ایان کے مختلف شخصیات سے رابطوں کا پتا چلانے کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے نئے سرے سے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ماڈل ایان کے خلاف تحقیقات خفیہ معلومات کی بنیاد پر کی جا رہی ہیں اور اس حوالے سے ایان اور ان کے ساتھ کام کرنے والے عملے کے موبائل فون ریکارڈ حاصل کیا گیا ہے جبکہ ایک سال کے دوران ماڈل ایان کے اسلام آباد، کراچی اور لاہور کے قیام کے دوران مختلف شخصیات سے ملاقاتوں اور رابطوں کی تفصیلات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔ذرائع کے مطابق ماڈل ایان کے پاکستان اور بیرون ملک اثاثوں اور جائیداد کا ریکادڑ بھی حاصل کیا جا رہا ہے اور اس حوالے سے کسٹم انٹیلی جنس، نادرا اور دیگر متعلقہ اداروں سے معاونت بھی لی گئی ہے۔ ذرائع بتاتے ہیں کہ تحقیقات کا مقصد اس نیٹ ورک کے دیگر ارکان کا پتا چلانا ہے کیونکہ غیرملکی کرنسی سمگلنگ کے دھندے میں ماڈل ایان کو مبینہ طور پر بعض اعلی شخصیات کی سرپرستی بھی حاصل رہی جبکہ شوبز سے تعلق رکھنے والی بعض ماڈلز بھی ایان نیٹ ورک میں شامل ہیں۔



About the author

160