پاکستان میں ماحولیاتی آلودگی کی وجوہات

Posted on at


قیام پاکستان کے وقت پاکستان کی آبادی ساڑھے 32 ملین تھی جب کہ 2004 ء میں یہ  151 ملین سے بھی زیادہ ہو گئی اور اب تو پاکستان کی آبادی 151 ملین سے بہت زیادہ اوپر ہو گئی ہے۔ پاکستان میں آبادی میں اضافے کی شرح بیشتر ممالک سے زیادہ ہے۔ آبادی کا تیزی سے اضافہ ملکی وسائل پر شدید دباؤ کا باعث بنتا ہے جس سے کئی سیاسی، معاشی اور سماجی مسائل جنم لیتے ہیں۔


 متوازن ماحول کے لیے قدرتی وسائل اور آبادی میں توازن قدرتی اصول کے مطابق بنیادی شرط ہے۔ بڑھتی  ہوئی آبادی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے جنگلات کی کٹائی ، زراعت میں کیمیائی کھادوں اور کیڑے مار ادویات کا بے دریغ استعمال، زندگی کی بڑھتی ہوئی ضروریات اور سہولتوں کے لیے کارخانوں کا قیام اور مشینی زرائع آمدورفت میں اضافہ ہر لمحہ ماحولیاتی آلودگی میں اضافے کا موجب بن رہا ہے۔


شہروں میں روزگار کے بہتر مواقع، صحت ، تعلیم اور تفریح کی وجہ سے بہت سے لوگ دیہات اور قصبوں سے مستقل طور پر شہروں کا رخ کرتے ہیں۔  آبادی میں قدرتی اضافے اور دیہات سے شہروں میں مسلسل منتقلی کی وجہ سے شہر پھیلتے ہیں اور شہروں کی آبادی میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ مثال کے طور پر پچھلے ڈیڑھ سو برس میں لاہور کی آبادی سو گنا سے زیادہ بڑھ گئی ہے۔ انتقال آبادی کی وجہ سے شہروں کے اردگرد بہت سی کچی آبادیاں وجود میں آتی ہیں جن میں کسی قسم کی شہری سہولتیں مثال کے طور پر سڑکیں، بجلی ، پانی ، گیس، سیورج اور پارک نہ ہونے کے باعث گندگی پھیلتی ہے۔ آبادی کے بے ہنگم اضافے سے آلودگی پیدا ہو رہی ہے۔


 قیام پاکستان کے وقت یہاں کوئی  قابل ذکر صنعت موجود نہیں تھی، ہماری معیشت کا انحصار زراعت پر تھا جو ملک کی تمام تر ضروریات پوری کرنے کے لیے ناکافی تھی۔ بنیادی ضروریات مثال کے طور پر خوراک، پانی ، مکان، تعلیم وغیرہ کے لیے زراعت کے علاوہ دوسرے شعبوں میں زیادہ سے زیادہ صنعتیں لگانے پر زور دیا گیا۔


بڑے شہروں اور ان کے اردگررد زیادہ سے زیادہ صنعتیں لگائی جانے لگیں  اور یہ عمل اب بھی جاری ہے۔ ان صنعتوں کا مقصد صرف زیادہ سے زیادہ پیداوار حاصل کرنا تھا جب کہ ان سے نکلنے والے زہریلے مواد کو بغیر صاف کیے یا تلف کیے پانی یا زمین پر پھنکنے سے جو مضر اثرات پیدا ہوئے اس کے بارے میں سنجیدگی سے نہیں سوچا گیا۔ ان کارخانوں  نے جہاں قومی ترقی میں حصہ لیا وہاں آلودگی میں بھی اضافہ کیا جس سے انسانی صحت پر بہت برے اثرات مرتب  ہو رہے ہیں اور ماحولیاتی آلودگی بھی بہت زیادہ بڑھی ہے۔



About the author

shahzad-ahmed-6415

I am a student of Bsc Agricultural scinece .I am from Pakistan. I belong to Haripur.

Subscribe 0
160