ثقافت اور اس کی اہمیت

Posted on at


ثقافت کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں۔ انسانی معاشرے کا وجود اور اس کی ترقی ثقافت کی بنیاد پر ہوتی ہے۔ ثقافت ہی وہ بنیادی شے ہے جس سے ہم انسان اور حیوان میں تمیز کر سکتے ہیں۔ مختلف ماہرین عمرانیات نے اپنے نقطہ نظر سے ثقافت کی تعریفیں کی ہیں۔

لینین کہتے ہیں" ثقافت ایک معاشرتی ورثہ ہے جو ایک نسل کو دوسری نسل سے انفرادی اور اجتماعی تجربات سے منتقل ہوتا رہتا ہے"

ٹیلر کہتے ہیں۔"ثقافت سے مراد وہ تمام اشکال ہیں جو علم، عقیدے ،  فن، اخلاق ،قانون ، دستور اور دوسری صلاحیتوں اور عادات سےمعاشرے کو ایک طویل وقت میں حاصل ہوتی ہیں"

مندرجہ بالا تعریفوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم اس نتیجے پر پہنچ سکتے ہیں کہ  ثقافت زندگی میں پیش آمدہ مختلف سرگرمیوں کا ایک خاکہ، نمونہ اور طریقہ ہے جس پر معاشرہ عمل پیرا ہوتا ہے اور ایک نسل سے دوسری نسل کو منتقل کرتا ہے۔

ثقافت انفرادی نہیں بلکہ ایک اجتماعی عمل ہے ۔ اجتماعی انسانی برتاؤ اور اس کی روز مرہ زندگی کو مجموعے کی شکل میں ہم ثقافت کہ سکتے ہیں۔ اس لیے دنیا کے مختلف خطوں میں وہاں کے باسی ایک جیسے رویوں ، اخلاق اور عمومی معاملات کے مالک ہوتے ہیں۔

معاشرے کی ذیادہ تر ثقافتی اقدار ، افراد اپنے آباؤ اجداد سے وراثت میں پاتے ہیں، کچھ جدید ضروریات کے مطابق خود وضع کر لیتے ہیں اور کچھ دوسرے معاشروں سے مستعار لیتے ہیں۔ ثقافت ارتقاء پذیر ہے۔ یہ یکسانیت کا شکار نہیں ہوتی۔ تبدیلی اسکا لازمی جزو ہے۔ مگر تبدیلی کے مزاج کا ثقافت کے مزاج سے لگاؤ ضروری ہے۔ اجنبی اور غیر مانوس رویو ں اور اقدار کو ثقافت قبول نہیں کرتی ۔ بلکہ ان میں کچھ ایسی تبدیلیاں کر لیتی ہے کہ وہ رویے اور اقدار اجنبی نہیں رہتے بلکہ ثقافت کے عمومی مزاج سے ہم آہنگ ہو جاتے ہیں۔ ثقافت ایک مہینے یا ایک سال میں نہیں بنتی ۔ یہ ایک نسل سے دوسری نسل کو منتقل ہوتی رہتی ہے ۔ اور ضرورت پڑنے پر نئے ثقافتی عناصر کا  اضافہ کر تی رہتی ہے۔ ثقافت کا رشتہ ماضی کےساتھ استوار ہوتا ہے۔ ماضی کے بغیر ثقافت کو زندہ نہیں رکھا جا سکتا۔ ثقافت بدلتے ہوئے حالات میں  انسان  کو ذہنی طور پر مستعد کردیتی ہے۔انسان جدید ضروریات کے مطابق تبدیلیوں کو برداشت کرتا ہے اور خود کو نئے سانچے میں ڈھالتا ہے۔ درحقیقت ثقافت اپنی تبدیلیوں کے ارتقاء کا نام ہے۔

ثقافت کو دو بڑے حصوں میں تقسیم کیا جاسکتا ہے یعنی مادی ثقافت اور غیر مادی ثقافت۔

مادی ثقافت سے مراد انسانی ضروریا ت کے عوامل اور اشیاء شامل ہو جاتی ہیں۔ جیسے گھر ، گاڑی، پن، میز ، ریڈیوسیٹ وغیرہ۔یہ انسانی کاوشوں کا نتیجہ ہے کہ وہ اپنے ماحول کو کنڑول کرتا ہے اور اپنی زندگی کو آرام دہ اور محفوظ بناتا ہے۔

غیر مادی ثقافت سے مراد وہ ثقافت ہے  جس میں ہمغیر مادی چیزو ں کا ذکر کرتے ہیں۔ اس میں ہم جسم سے ذیادہ روح کو اہمیت دیتے ہیں۔ مثال کے طور پر مذہب، فن ، خیالات ، دستور، اقدار، مذہبی تہوار وغیرہ۔ یہ ساری چیزیں جسمانی یا ظاہری شکل میں نہیں ہوتیں۔ یہاں انسانی برتاؤ کا تعین ضروری ہو جاتا ہے۔



About the author

shahzad-ahmed-6415

I am a student of Bsc Agricultural scinece .I am from Pakistan. I belong to Haripur.

Subscribe 0
160