علم ایک پائیدار و لا زوال دولت ہے

Posted on at


علم ایک پائیدار و لا زوال دولت ہے

علم ایک ایسی پائیدار دولت ہے، جس کو کبھی زوال نہیں۔ دنیا کی ہر چیز فانی ہے بلکہ دنیا خود فنا ہے۔ ہر کمال کو زوال ہے ، ہر آباد کو برباد ہونا ہے، ہر بہار کے بعد خزاں کو آنا ہے ، ہر نور کے بعد تا ریکی ہے ، ہر دن کے بعد رات ، دولت مندی کے ساتھ غریبی ہے اور تندرستی کے ساتھ بیماری ہے۔ غرضیکہ مشاہدات میں ایسی کوئی بھی چیز ڈھونڈنے سے نہ ملے گی ، جو گھٹتی بڑھتی نہ ہو ، لیکن علم ایک ایسی دولت ہے جسے ہمیشہ بڑھنے ہی سے کام ہے۔ جتنا خرچ کروگے اتنا ہی بڑھتی جائے گی ، اسے چور کا ڈر نہیں ، چوکیدار کی ضرورت نہیں ، یہ وہ دولت ہے جو ہر وقت محفوظ ہے اور ہمیشہ ہی محفوظ رہے گی

علم کی سینکڑوں کیا لا کھوں کرامات ہیں ، جو ہمارے دیکھنے میں آرہی ہیں۔ وہ انسان جس کی آواز ایک یا دو فر لانگ تک مشکل سے سنائی دیتی ہے۔ آج زمین کے ایک کونے میں بیٹھ کر دوسرے کونے تک سنا جا سکتا ہے۔ آندھیاں چلیں، بادل گرجیں، چیخ و پکار ہو کہ کان پڑی آواز سنائی نہ دے لیکن مشرق کا انسان مغرب کے انسان کی باتیں سنے گا ، انسان کو فضائے آسمانی میں کس نے اڑایا ، سمند ر کے سینے کس نے چیرے ، ہوا میں آگ کس نے لگائی ، پانی سے بجلی کس نے پیداکی، اندھیرے گھروں کو نور سے منور کس نے کیا ، یہ علم ہی تو ہے جس نے انسان کو اس مقام تک پہنچا یا اور انسان کو صیح معنوں میں انسان بنا نا علم کا کام ہے ورنہ انسان اور حیوان میں کوئی فرق نہیں۔

علم ہی نے انسان کو صفائی اور پاکیزگی کے اصول سمجھائے۔ نیکی اور بدی میں فرق دکھایا تو علم نے ، علم حساب ایجاد ہوا تو علم سے غرضیکہ انسان تو وہی ہے جو ماں کے پیٹ سے رونے کے سوا کچھ نہیں لایا تھا ، اور آج ہے کہ عرشِ عظیم پر چلتا نظر آتا ہے ، کون ہے جو علم کی برکات کا قائل نہیں۔

عالم اور جا ہل میں زمین اور آسمان کا فرق ہے۔ قائد اعظم ، اقبال ، ارسطو ، جالینوس ، شیخ سعدی وغیرہ دنیا کی بے شمار ہستیاں جن کی قبروں کے نشان بھی مٹ چکے ہیں ، صرف علم کی بدولت آج تک زندہ ہیں اور قیامت تک بچے بچے کی زبان پر ان کا نام رہے گا، علم ایک وہ شے ہے جو صاحب علم کو مرنے کے بعد بھی زندہ رکھتی ہے۔ علم ایک نور ہے جو انسان کو تاریکی سے روشنی تک لے جاتا ہے۔

علم وہ چشمہ ہے جس کا کوئی سانی نہیں ، صیح عقل اور صیح دما غ والا انسان وہی ہے جو علم کو چا ہتا ہے۔ سچ ہے کہ علم ایک لازوال دولت ہے۔



About the author

muhammad-haneef-khan

I am Muhammad Haneef Khan I am Administration Officer in Pakistan Public School & College, K.T.S, Haripur.

Subscribe 0
160