زندگی اور اکیلا پن

Posted on at


ہر انسان کی زندگی میں کچھ یادیں ہوتی ہیں۔ یہ ایک فطری عمل ہے کہ ہر شخص اپنا ماضی یاد کرتا ہے۔ خواہ اس کا ماضی شاندار ہو یا تاریک۔ جب اسے تنہائی اور فرست کے چند لمحے میسر آتے ہیں تو وہ اپنے ماضی کے تصورات میں کھو جاتا ہے۔ بوڑھے اپنی جوانی کے زمانے کو اکثر یاد کرتے ہیں اور اس قدر جذباتی ہو جاتے ہیں کہ جوانی کے واقعات بیان کرتے ہوئے آنکھوں میں آنسوں بھر لاتے ہیں اور سرد آہیں کھینچتے ہیں۔ نوجوان ہمیشہ اپنے لڑکپن کے واقعات بڑی خوشی سے بیان کرتے ہیں، سکول کی شرارتیں اور کالجوں کی تفریحات، تعلیم و تربیت اور اساتذہ کی باتیں کر کے اپنے بیتے ہوئے دنوں کی یاد تازہ کرتے ہیں کیونکہ طالب علمی کا زمانہ کسی قدر بے فکری اور بے نیازی کا زمانہ ہوتا ہے اور اس کے ساتھ تقریباً ہر ایک طالب علم کی یادیں وابستہ ہوتی ہیں۔

انگریزی زبان کا ایک مشہورشاعر ورڈز ورتھ کہتا ہے۔

کہ: "جب کبھی میں تنہا ہوتا ہوں اور صوفے پر لیٹ کر آرام کرتا ہوں تو ماضی کے تصورات میں کھو جاتا ہوں یہ سب کچھ تنہائی کی برکت سے ہے"۔

حقیقت بھی یہی ہے، کہ انسان تنہا اور فارغ ہو تو اس وقت ماضی کے واقعات اور حالات اس کی نگاہوں کے سامنے متحرک فلم کی طرح گھومنے لگتے ہیں اور اسے یوں محسوس ہوتا ہے جیسے ماضی پھر لوٹ آیا ہو۔ ساتھیوں، عزیزوں اور رشتہ داروں کے دھندلے نقوش واضح ہو جاتے ہیں اور وہ اپنے آپ کو پھر بچہ یا لڑکا سمجھنے لگتا ہے مگر ان تصورات کا حسین اور عالی شان محل اس وقت آن واحد میں مسمار ہو جاتا ہے جب اسے کوئی اچانک آواز دے کر اس خواب سے بیدار کر دیتا ہے اس وقت اس کی روح کو بڑی تکلیف اور طبیعت کو خاصی الجھن ہوتی ہے۔

کسی شاعر نے خوب کہا ہے۔

اکثر شب تنہائی میں          کچھ دیر پہلے نیند سے"

گزری ہوئی دلچسپیاں           بنتے ہوئے دن پیار کے

بنتے ہیں شمع زندگی            اور ڈالتے ہیں روشنی

میرے دل صد چاک پر"

 

انسان کی قوت متخیلہ ایک ایسی نعمت ہے کہ دنیا کی کوئی نعمت اس کا مقابلہ نہیں کرتی۔ اس کی بدولت انسان ہر ناممکن چیز کو ممکن کر سکتا ہے۔ چشم زدن میں امریکہ، لندن، روس کی سیر کر سکتا ہے، مستقبل کے خوابوں میں کھو سکتا ہے اور حال میں رہتے ہوئے ماضی کے دریچے کھول سکتا ہے۔

 

رائیٹر: عافیہ حرا



About the author

Aafia-Hira

Name Aafia Hira. Born 2nd of DEC 1995 in Haripur Pakistan. Work at Bit-Landers and student. Life isn't about finding your self.LIFE IS ABOUT CREATING YOURSELF. A HAPPY THOUGHT IS LIKE A SEED THAT SHOWS POSITIVITY FOR ALL TO REAP. Happy to part of Bit-Landers as a blogger.........

Subscribe 0
160