صحت مند زندگی ایک دن میں نہیں ملتی

Posted on at


صرف بٹن دبا کر ایک سیکنڈ کے اندر روشنی تو کی جا سکتی ہے، لیکن صحت اس طرح حاصل نہیں کر سکتے. چنانچہ جو افراد ایسا سوچتے ہیں، انھیں مایوسی ہوتی ہے. اچھی غذائیں کھا کر ایک ہی دن میں صحت مند ہو جانا ممکن نہیں ہے. فوری صحت کرنے کے لئے آپ چاہے جتنی طاقت بخش گولیاں کھا لیں، ٹانک پی لیں یا کوئی انوکھا طریقہ آزما لیں، آپ ناکام رہیں گے، اس لئے کہ صحت مند بننے کے لیے باقاعدہ ایک عمل سے گزرنا پڑتا ہے. اپنا طرز زندگی تبدیل کرنے، صحت مندانہ عادات و اطوار اپنانے اور بیماریوں سے بچنے کے بعد ہی آپ صحت مند ہو سکتے ہیں



ابتداء میں آپ اپنا ماحول اور روزمرہ کے معمولات میں تبدیلی لا کر صحت مند رہ سکتے ہیں. صحت حاصل کرنے کے لیے بنیادی طور پر آپ کو تین مرحلوں سے گزرنا پڑتا ہے. پہلا مرحلہ یہ ہے کہ آپ اپنی غذا میں ثابت اناج، پھل، سبزیاں، پروٹین، دودھ سے بنی ہوئی اشیاء اور شکر مناسب مقدار میں استعمال کریں


اس کے علاوہ آپ کو کچھ اور باتوں کی طرف بھی توجہ دینی پڑے گی، یعنی کیلشیئم، حیاتین اور نباتات بھی مناسب مقدار میں کھانی پڑے گی. شکر اور نمک کی مقدار پر نگاہ رکھیں اور کوشش بھی کریں کہ ایسی چکنائی آپ کے جسم میں نہ پہنچے، جو جم جاتی ہے. اگر آپ ان چیزوں پر قابو پا لیں گے تو بہت سی بیماریوں سے محفوظ ہو جائیں گے، جن میں حملہ قلب، ذیابیطس اور ہڈیوں کا کمزور ہونا شامل ہیں. اس کے علاوہ سرطان اور موٹاپا بھی آپ کے قریب نہیں آئے گا


صحت حاصل کرنے کا دوسرا مرحلہ یہ ہے کہ آپ متحرک اور فعال ہو جائیے. اس کے لیے بہترین عمل ورزش ہے. ورزش کرنے سے آپ کے جسم کے عضلات ہی مضبوط نہیں ہوتے، بلکہ آپ میں خود اعتمادی بھی پیدا ہوتی ہے. بھاگنے دوڑنے، تیز رفتاری سے چلنے یا سائیکل چلانے سے آپ اپنے اندر بہتری محسوس کریں گے اور آپ کو سکون حاصل ہو گا



تیسرا مرحلہ یہ ہے کہ آپ اپنے طرز زندگی میں تبدیلی لائیں، مثلاً لفٹ استعمال کرنے کی بجاۓ زینے چڑھیں اتریں، کولا مشروبات کی بجاۓ صاف ستھرا پانی پئیں اور ڈبّا بند جوس پینے کی بجاۓ تازہ پھل کھائیں 


بہت سی عادات اور مشغلے ہمیں بظاہر بےضرر لگتے ہیں، لیکن ان کے اثرات بےحد نقصان دہ ہوتے ہیں، مثلًا صبح دیر تک سونا، ناشتہ نہ کرنا، تمباکو نوشی، کولا مشروبات پینا دیر تک کسی ایک جگہ بیٹھے رہنا. کسی ایک جگہ پر دیر تک بیٹھے رہنے سے اکتاہٹ پیدا ہو جاتی ہے اور انسان کے اعصابی پستی میں بھی مبتلا ہونے کا خطرہ ہوتا ہے. چنانچہ اگر آپ معمول کے مطابق اپنے کام میں مصروف ہوں، تب بھی اپنی مصروفیات کو بالاۓ طاق رکھ کر تھوڑی دیر کے لیے ضرور چلیں پھریں


بعض افراد کھانے پینے کی اشیاء میں بھی کسی قسم کی تبدیلی پسند نہیں کرتے. وہ کسی مخصوص جگہ سے کھانے پینے کی پسندیدہ اشیاء خریدتے ہیں اور پھر سال ہا سال تک وہی اشیاء کھانے کی عادت اپناۓ رکھتے ہیں. صحت بخش زندگی گزارنے کے لیے اپنی غذاؤں پر غور کیجیے اور ایسی چیزوں سے اجتناب کیجیے، جو آپ کو نقصان پہنچا رہی ہوں. یہ ایک دشوار عمل ہے، اس لیے کہ لوگ طویل عرصے سے کھانے پینے کی مخصوس چیزوں پر گزارہ کر رہے ہوتے ہیں اور انہیں ترک کرنے کو آسانی سے تیار نہیں ہوتے. ہمیشہ ایک ہی قسم کی غذائیں کھانے کے بجاۓ ان میں تبدیلی لائیں، یہ آپ کی صحت کے لیے بہت ضروری ہے



صحت بخش عادات اختیار کرنے میں ابتداء میں بہت دشواری پیش آتی ہے، لیکن اگر آپ مصمم ارادہ کر لیتے ہیں تو ان دشواریوں پر بتدریج قابو پا لیتے ہیں. پختہ ارادہ کیجیے اور اسے پورا کرنے کی بھرپور کوشش کیجیے. چاہے یہ چھوٹی سی بات ہی کیوں نہ ہو، مثلاً چپس کھانے کی بجاۓ اگر آپ سیب کھانے کی عادت کو اپنا لیں تو یہ ایک صحت بخش تبدیلی شمار ہو گی. بازار میں فروخت کی جانے والی تلی اور بھنی ہوئی غذائیں کھانے کی بجاۓ پھل اور سبزیاں کھانے کی عادت کو اپنائیں. تلی ہوئی اشیاء کھانے سے آپ کے جسم میں چکنائی کی زیادہ مقدار پہنچ جاتی ہے، جو نقصان کا سبب بنتی ہیں 


اپنے طرز زندگی میں تبدیلی پیدا کرنے کے بعد اگر آپ خود کو تندرست و توانا محسوس کرنے لگیں تو نت نۓ ارادے کیجیے اور ان کو پورا کرنے کی کوشش کیجیے. یوں صحت آپ کے قریب آتی جاۓ گی اور بیماریاں دور ہوتی نظر آئیں گی


============================================================================================================ 


میرے مزید بلاگز جو کہ صحت ، اسلام ، جنرل نالج اور دنیا بھر کی معلومات سے متعلق ہیں ، ان سے استفادہ حاصل کرنے کے لیے مندرجہ ذیل لنک کا وزٹ کیجئے


http://www.filmannex.com/Zohaib_Shami/blog_post


میرے بلاگز پڑھ کر شیئر کرنے کا بہت بہت شکریہ


اگلے بلاگ تک کے لئے اجازت چاہوں گا


الله حافظ


دعا کا طالب


زوہیب شامی 


 



About the author

Zohaib_Shami

I am here for writing and reading because it is my hobby

Subscribe 0
160