موبائل فون - صحت کا دوست - دوسرا اور آخری حصّہ

Posted on at


انڈیا میں ایک فلاحی ادارے نے معروف موبائل کمپنی نوکیا کے اشتراک سے گزشتہ سال شوگر کی بیماری سے بچاؤ کے لئے ایک مہم شروع کی .اس میں ہدف یہ مقرر کیا گیا تھا کہ ١٢ مختلف زبانوں میں ١٠ لاکھ افراد کو شوگر سے بچاؤ کے حوالے سے موبائل پر پیغامات ارسال کئے جائیں . اور ان میں یہ شعور اجاگر کیا جاۓ کہ کس طرح عادات میں تبدیلی لا کر شوگر سے بچا جا سکتا ہے . موبائل استعمال کرنے والا ہر فرد ٦ مہینے کے عرصے میں  ہفتے میں ٤ مرتبہ ایسے پیغامات وصول کر سکتا ہے اور یہ سلسلہ جاری رکھنا چاہے تو اسکو معمولی قیمت ادا کرنا ہوگی . مشہور کمپنی مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس فلاحی کاموں کے حوالے سے کافی شہرت رکھتے ہیں . بل گیٹس نے بھی سماجی ترقی کے لئے موبائل کی افادیت کو تسلیم کیا ہے . ایک عالمی کانفرنس میں موبائل کی افادیت پر اظہار خیال کرتے ہوۓ ان کا کہنا تھا کہ موبائل فون کی مدد سے ترقی پذیر ممالک میں خطرناک بیماریوں سے بچاؤ کے لئے بچوں کو جو ویکسین دی جاتی ہے اس کی شرح میں کافی حد تک مثبت تبدیلی لائی جا سکتی ہے . اور لوگوں میں شعور اور آگہی کے منصوبے شروع کئے جا سکتے ہیں . ان منصوبوں کے تحت لوگوں کے موبائل پر یاد دہانی کے پیغامات ارسال کئے جا سکتے ہیں اور عوام کو کال کر کے صحت کے حوالے سے مفید تجاویز بھی بتائی جا سکتی ہیں اور نہ صرف یہ بلکہ صحت کے عملے کی طرف سے مہیا کئے گئے اعدادوشمار کی تصدیق بھی کی جاسکتی ہے 



 


غریب ملکوں میں طب و صحت کو مد نظر رکھتے ہوۓ بہت سے ایسے منصوبے ہیں جہاں موبائل اپنی افادیت کو ثابت کر چکا ہے . برازیل کے ایک علاقے میں نوکیا کی مدد سے معلومات اکھٹا کرنے والی ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے . اس منصوبے میں ورکرز نے موبائل کی مدد سے اعدادوشمار کو اکھٹا کیا اور ڈینگی بخار کے پھیلاؤ کی روک تھام میں مؤثر کردار ادا کیا .زراعت کے سروے اور بچوں کی پیدائش سے متعلق اعدادوشمار اکھٹا کرنے لئے بھی یہی ٹیکنالوجی استعمال کی گئی . انڈیا چونکہ ایک ترقی پذیر ملک ہے وہاں صحت اور صفائی کی مناسب سہولیات میسر نہیں اس لئے وہاں ایسے منصوبوں پر کام کیا گیا ہے جس کے ذریعے وہاں کے افراد کو ملنے والی صحت کی سہولتوں کو بہتر سے بہتر بنایا جا سکے . وزارت صحت نے وہاں ایک پروگرام شروع کیا جس کے تحت موبائل کے ذریعے بچوں کو ویکسین دینے کی شرح کو مزید بہتر بنایا گیا . اور اس میں قریب قریب ٢٦ ملین حاملہ خواتین کے موبائل نمبر کو اکھٹا کرنے کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا . مقصد اس کا یہ تھا کے خواتین کو کال کر کے بچوں کو ویکسین دینے کے بارے میں پوچھا جاۓ اور اس حوالے سے محکمہ صحت کے اعدادوشمار کی تصدیق بھی کی جاسکے 



 


بھارت میں ہی ایک اور دلچسپ منصوبہ ڈاکٹر ایس ایم ایس کے نام سے شروع کیا گیا ہے . اس منصوبے کے تحت موبائل استعمال کرنے والے افراد کو ایک ایس ایم ایس بھیجنے پر قریبی ھسپتالوں اور ڈاکٹرز کی تفصیل میہا کی جاتی ہے . اس تفصیل میں ڈاکٹرز کے پتے اور فون نمبر جیسی تفصیلات شامل ہوتی ہیں اور بذریعہ ایس ایم ایس صارف کو موصول ہوتی ہیں . اب بھارت میں اس منصوبے کو مزید ترقی دی جا رہی ہے . آنے والے دور میں عوام کو ڈینگی سے بچاؤ کے طریقے لوگوں کو ایس ایم ایس کے ذریعے ارسال کئے جائیں گے . جس کسی کو خون کی ضرورت ہو تو ایسے ضرورت مندوں کی کال خون کا عطیہ کرنے والے افراد تک پہنچائی جاۓ گی. ایک منفرد منصوبے کے تحت موبائل کمپنی ووڈا فون کے اشتراک سے یہ ممکن بنایا گیا کہ ڈاکٹر دور بیٹھے مریضوں کی رپورٹس موبائل کے ذریعے دیکھ سکیں اور اس پر اپنی رائے دے سکیں 



 


صحت کے سہولتوں کو زیادہ سے زیادہ عام کرنے کے لئے ایسے بہت سے منصوبے غریب ممالک میں شروع کئے جاسکتے ہیں . موبائل استعمال کرنے والوں کی تعداد کے حساب سے پاکستان ایشیا میں پانچویں نمبر پر ہے اور ایک کروڑ کے قریب افراد موبائل استعمال کرتے ہیں .ان افراد میں خواتین سے لیکر کسان اور کم پڑھے لکھے افراد تک شامل ہیں .اس کی وجہ ٹیلی کام کمپنیوں میں مقابلے کا رجحان ہے جن کی وجہ سے آئے دن کال کے نت نئے پیکجز سامنے آتے رہتے ہیں . کال کے علاوہ ایس ایم ایس بھی پاکستان میں رابطے کا معروف ذریعہ ہے . ایس ایم ایس کے حوالے سے پاکستان کی ٹریفک کا شمار بڑے ممالک میں ہوتا ہے . ہمیں ایسی پالیسیوں کی ضرورت ہے جن کی مدد سے موبائل فون کا استعمال مثبت کیا جاۓ اور صحت و صفائی کے نئے منصوبوں کے بارے میں شعور عوام میں بیدار کیا جائے 



 


***************************************************************


مزید دلچسپ اور معلوماتی بلاگز پڑھنے کے لئے یہاں کلک کریں 


بلاگ رائیٹر


حماد چودھری



About the author

hammad687412

my name is Hammad...lives in Sahiwal,Punjab,Pakistan....i love to read and write that's why i joined Bitlanders...

Subscribe 0
160