میک کولم کا تیز ترین ٹیسٹ سنچری کا عالمی ریکارڈ

Posted on at



کرائسٹ چرچ: اپنے کیریئر کا آخری ٹیسٹ میچ کھیلنے والے نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈن میک کولم نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کی تیز ترین سنچری کا عالمی ریکارڈ بنا دیا.


کرائسٹ چرچ میں کھیلے جا رہے سیریز کےدوسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے باؤلنگ کیلئے سازگار پچ پر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا.


آسٹریلین باؤلرز نے صرف 74 رنز پر ابتدائی چار کیوی بلے بازوں کو پویلین لوٹا کر یہ فیصلہ درست ثابت کر دکھایا اور ایسامحسوس ہوتا تھا کہ شاید میزبان ٹیم پہلے ٹیسٹ میچ کی طرح کم مجموعے پر آؤٹ ہو جائے لیکن برینڈن میک کولم نےشاندار بیٹنگ کی بدولت تمام اندازے غلط ثابت کر دیے.


اپنے کیریئر کا آخری ٹیسٹ میچ کھیلنے والے نیوزی لینڈ کے کپتان نے ٹیسٹ میچ کو ٹی ٹوئنٹی بناتے ہوئے صرف 54 گیندوں پر سنچری بنا کر ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کی تیز ترین سنچری بنانے کا اعزاز اپنے نام کر لیا.


اس سے قبل تیز ترین سنچری کا ریکارڈ مشترکہ طور پر سر ویوین رچرڈز اور پاکستان کے مصباح الحق کے پاس تھا جنہوں نے 56 گیندوں پر یہ کارنامہ انجام دیا تھا.


میک کولم نے کوری اینڈرسن کے ساتھ پانچویں وکٹ کیلئے 79 رنز کی شراکت قائم کی اور اپنی ٹیم کی بڑے مجموعے تک رسائی یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا.


وہ 79گیندوں پر چھ چھکوں اور 21 چوکوں کی مدد سے 145 رنز کی شاندار اننگ کھیلنے کے بعد پویلین لوٹے.


جلد ہی اینڈرسن بھی 72 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے جبکہ اسکور 297 تک پہنچا تو نیوزی لینڈ کی ٹیم آٹھ وکٹیں گنواچکی تھی.


اس موقع پر بی جے واٹلنگ نے اختتامی دونوں بلے بازوں کے ساتھ شراکت قائم کی اور ٹیم کا اسکور 370 تک پہنچا دیا، 58 رنز بنانے والے واٹلنگ کیوی اننگ کے آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی تھے.


آسٹریلیا کی جانب سے ناتھن لایون تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ جوز ہیزل وڈ، جیمز پیٹنسن اور جیکسن برڈ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں.


آسٹریلیا نے اننگ کا آغاز کیا تو 25 کے مجموعی اسکور ڈیوڈ وارنر پویلین لوٹ گئے، جب دن کا کھیل ختم ہوا تو آسٹریلیا نے ایک وکٹ کے نقصان پر 57 رنز بنائے تھے.


یاد رہے کہ آسٹریلیا کو دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 1-0 سےبرتری حاصل ہے جہاں اس نے ویلنگٹن میں نیوزی لینڈ کو شکست سے دوچار کیا تھا.


Brendon McCullum - Fastest ever test match 100 off 54 balls vs Australia(2016)



About the author

160