ذخیرہ کتب کی حفاظت اور احتیاطی تدابیر - حصہ اول

Posted on at


ذخیرہ کتب کی حفاظت اور احتیاطی تدابیر - حصہ اول 



لائبریریاں زمانہ قدیم سے علم کا سرمایہ رہی ہیں اور موجودہ دور میں تو جدید ترین لائبریریوں کا ہونا بہت زیادہ ضروری ہے- لائبریریاں اور کتابیں جتنی اہمیت رکھتی ہیں اسی قدر ان کی حفاظت کرنا اور انہیں نقصان سے بچانا بھی ضروری ہے لہذا لائبریری مواد کو بچانے کے لئے مندرجہ ذیل اقدامات ضروری ہیں
لائبریری مواد کی حفاظت اور استعمال کے لئے قواعد و ضوابط بناۓ جائیں اور انہیں لائبریری کے دائرہ کار میں مشتہر کیا جائے- مشتہر کرنے کے طریقے درج ذیل ہیں
١- قارئین کے لئے کتابوں کے استعمال، اوراق پلٹنے کے طریقے، کتابوں پر نہ لکھنے اور سیاہی سے بچانے، اوراق کو فولڈ نہ کرنے، کتابوں پر پنسل یا قلم نہ رکھنے اور بچوں کی پہنچ سے کتابوں کو دور رکھنے کی متعلق چھوٹے چھوٹے پمفلٹ لائبریری میں مطالعہ کی میز پر رکھے جائیں اور اشتہارات کی صورت میں بھی لائبریری کے باہر نمایاں جگہوں پر عوام کو مطلع کیا جائے تاکہ لائبریری میں آنے والے کتابوں کا استعمال جان سکیں
اس کے علاوہ لائبریری مواد کی حفاظت کے لئے لائبریری میں وقتاً فوقتاً مجالس منعقد کی جائیں- اس سے قارئین کتابوں کا استعمال جان سکیں گے اور کتابوں کی کسی حد تک حفاظت ہو سکے گی
لائبریری عملہ کے لئے لائبریری مواد کو استعمال اور حفاظت سے رکھنے کی ہدایات
لائبریری سٹاف کے لئے بھی ضروری ہے کہ وہ لائبریری مواد کا استعمال اور ان کی حفاظت کرنا جانتا ہو- مثلاً یہ کہ کتابوں اور دیگر لائبریری مواد کو الماریوں میں رکھنے کے طریقے، کتابوں میں بک سپوٹر لگانا، کتابیں الماریوں میں زیادہ بھنچی ہوئی نہ ہوں، تھوڑی گنجائش ہو تاکہ الماری سے نکالتے وقت آسانی رہے



٢- استعمال سے واپس آئی ہوئی کتابوں کو دوبارہ الماری میں لگانے یا نئی کتابوں کو الماری میں لگانے کے لئے اتنا بڑا بنڈل ہاتھ میں اٹھا کر نہ لے جایا جائے کہ ہاتھوں سے گر جائے- بلکہ اتنی ہی کتب اٹھائی جائیں جو آسانی سے اٹھائی جاسکیں
٣- دھات کی الماریوں کے مقابلے میں اگر لکڑی کی الماریاں ہوں تو بہتر ہیں اگر لوہے وغیرہ کی الماریاں استعمال کرنا مجبوری ہو تو الماریوں میں کتابوں کے نیچے خانوں میں موٹا کاغذ یا گتہ رکھ دیا جائے تاکہ وہ خراب نہ ہونے پائیں
٤- بہت ضخیم کتابیں لٹا کر رکھی جائیں کھڑی نہ رکھی جائیں
٥- کتابوں سے تھوڑے دنوں بعد گرد و غبار صاف کرتے رہنا چاہیے یعنی کتابوں کو الماری سے نکل کر انہیں مکمل طور پر صاف کر کے دوبارہ الماری میں رکھ دیا جائے
٦- کیڑے مکوڑوں اور چھوٹے جانوروں سے حفاظت: چوہے، بلیاں، چمگادڑ، اور کئی دوسری قسم کے چھوٹے چھوٹے جانور کھڑکیوں، روشندانوں اور کئی دوسرے سوراخوں سے لائبریری میں داخل ہو جاتے ہیں اور لائبریری مواد کو بہت زیادہ نقصان پہنچاتے ہیں- اس لئے کھڑکیوں اور روشندانوں کے آگے مظبوط قسم کی جالی لگانا ضروری ہے تاکہ ان سے یہ جانور وغیرہ لائبریری میں داخل نہ ہوسکیں اسی طرح دوسرے کوئی سوراخ ہوں تو وہ بھی بند کردیئے جائیں
جراثیموں اور حشرات سے کتابوں کو محفوظ رکھنے کے طریقے: جراثیم اور چھوٹے چھوٹے کیڑے مکوڑے بھی کتابوں کو بہت نقصان پہنچاتے ہیں- ان کیڑوں کی تفصیل درج ذیل ہے
١- جھینگر
٢- سفید مچھلی
٣- کتابی جوں 
٤- تل چٹا یا لال بیگ 
٥- دیمک 
٦- بکٹیریا
یہ کیڑے خصوصاً ساون کے مہینے یا نمی کی وجہ سے بہت زیادہ پھیلتے ہیں- اس لئے بریک بینی سے دیکھنا چاہیے کہ لائبریری میں کہیں نمی تو نہیں، اگر پائی جائے تو اسے خشک کر دیا جائے




About the author

160