سب سے بڑی اور پاک ذات الله کی ہے-

Posted on at


صفات انت سے باہر پہ ذات میں تنہا

ازل سے تابہ ابد تیری شان ہے یکتا- 

اس دنیا میں بہت سے زور آوَر بھی ہیں اور انتہائی طاقتور بھی ہیں، بڑے بڑے  حاکم بھی ہیں اور شان و شوکت والے شہنشاہ و بادشاہ بھی موجود ہیں لیکن زندگی کے کسی نہ کسی مقام پر یہ لوگ محکوم و مجبور ہو جاتے ہیں تب یہ اپنے سے بھی بڑی ذات کے محتاج ہوتے ہیں- یہ بڑی طاقت اس پاک ذات کی ہے جس نے پوری کائنات کو پیدا کیا ہے- یہ وہی ذات ہے جس نے ساری مخلوق کو رزق دینے کا ذمہ لے رکھا ہے جو سب کی ضروریات کو پورا کرتا ہے اور ان سب پر قدرت کاملہ رکھتا ہے- الله بڑی عظمت والا ہے اس کی عظمت اور بڑائی بیان کرنا کسی انسان کے بس کی بات نہیں ہے- وہ قادر مطلق ہے سارے حاکموں کا حاکم اور بادشاہوں کا بادشاہ ہے، وہ چاہے تو بیمار کو صحت اور صحتمند کو بیماری دے سکتا ہے، زندہ کو مردہ اور مردے کو زندہ کر سکتا ہے، سورج کو مشرق کی بجاے مغرب سے نکال سکتا ہے، رات کی جگہ دن لا سکتا ہے، دریاؤں کا رخ تبدیل کر سکتا ہے اس کی حاکمیت پوری کائنات پر ہے- اس کے ایک اشارے سے دنیا ادھر سے ادھر ہو جائے-

الله پاک کی ذات یکتا و واحد ہے اور اس کا کوئی بھی شریک نہیں ہو سکتا- جب ایک مسلمان کلمہ طیبہ پڑھتا ہے تو وہ صرف  اس بات کو دل سے تسلیم  نہیں کر لیتا کہ الله کے علاوہ اور کوئی اس کا معبود نہیں ہے اس کے ساتھ ساتھ وہ اس بات پر بھی ایمان لاتا ہے کہ دنیا کی تمام طاقتیں اس کے سامنے ہیچ ہیں بادشاہ و گدا سب اس کے در کے سوالی ہیں، وہ ہر چیز کا تنہا خالق و مالک ہے  – اس جیسی صفات کسی کی  نہیں ہو سکتیں کائنات میں جو کچھ بھی عمل ہوتا ہے اس کے ایک اشارے سے ہوتا ہے- سورت الاخلاص میں الله پاک کی وحدانیت کچھ اس طرح بیان کی گئی ہے:

اے نبی آپ فرمادیجیئے کہ وہ اللہ ایک ہے"
اللہ سب سے بے نیاز سب کی پناہ اور سب پر فائق ہے
نہ ہی اس سے کوئی پیدا ہوا ہےاور نہ ہی وہ پیدا کیا گیا ہے
اور نہ ہی اس کا کوئی ہمسر ہے  "

الله پاک نے انسان کے لئے یہ دنیا بنائی ہے اور اس کی آسائش کے لئے ہر چیز پیدا کی، سبزہ، پہاڑ، سورج کی گرمی، درختوں کی ٹھنڈی چھاؤں، پیاس بجھانے کے لئے میٹھا میٹھا پانی، انسان ایک ہی موسم سے اکتا نہ  جائے  اس لئے اس پاک ذات نے اپنے بندوں کے لئے چار موسم بناے ہر موسم دوسرے سے دلکش اور پیارا، اندھیری  رات کو چاند اور ستاروں سے سجایا اور انسان دن بھر کی تھکاوٹ میٹھی نیند سے اتارتا ہے، جن و بشر، چرند و پرند سب کو اسی ذات نے تخلیق کیا-کائنات کا نظام جو عرصۂ دراز سے چل رہا ہے اس میں رتی بھر بھی کوئی ردوبدل نہیں ہوا- سورج اپنے وقت پر نکلتا ہے اور وقت پر ہی غروب ہوتا ہے، دن کے بعد رات آتی ہے اور رات کے بعد دن اس پورے نظام کائنات کو بخوبی سنبھالنے والی ذات الله وحدہ لا شریک کی ہے-

الله پاک کیا ہے؟ وہ ازل سے موجود تھا اور ابد تک رہے گا ہر چیز کو فنا ہے باقی رہنے والی ذات اللہ کی ہے- الله ایک نور ہے جو انسان کو ستر ماؤں سے زیادہ پیار کرتا ہے، سورت النور میں الله کے بارے میں ارشاد ہوتا ہے کہ:

"الله آسمانوں اور زمین کا نور ہے – اسکے نور کی مثال ایسی ہے کہ گویا ایک طاق ہے جس میں ایک چراغ ہے اور چراغ ایک قندیل میں ہے اور قندیل ایسی صاف شفاف ہے کہ گویا موتی کا سا چمکتا ہوا تارا ہے- اس میں ایک مبارک درخت کا تیل جلایا جاتا ہے یعنی زیتون کا کہ نہ مشرق کی طرف ہے نہ مغرب کی طرف ایسا معلوم ہوتا ہے اس کا تیل خواہ آگ اسے  نہ بھی چھوے جلنے کو تیار ہے بڑی روشنی پر روشنی ہو رہی ہے الله اپنے نور میں جسکو چاہتا ہے سیدھی راہ دکھاتا ہے اور الله جو مثالیں بیان فرماتا ہے تو لوگوں کے سمجھانے کے لئے اور اللہ ہر چیز سے واقف ہے-"

الله نے ہمیں بےشمار نعمتیں عطا کیں ہیں، یہ بات انسان کو زیب نہیں دیتی کہ وہ اس کی نعمتوں سے فائدہ بھی اٹھاے اور اس کی نافرمانی اور ناشکری بھی کری- عبدیت کا تقاضا ہے کہ اس نے جو ہمیں حکم دیے ہیں ہم انھیں پورا کریں اور صرف اسی کے سامنے سجدے کے لئے جھکیں- الله سے زیادہ انسان کو کوئی نہیں محبت کر سکتا- الله کی ذات بہت شفیق ہے اگر دنیا کے سارے درخت قلم اور سمندر سیاہی بن جائیں تب بھی اس کی تعریف مکمل طور پر بیان نہیں ہو پاے،وہ غفور و رحیم ہے- ساری تعریفیں اسی کی ذات کے لئے ہیں-  

 



About the author

Kiran-Rehman

M Kiran the defintion of simplicity and innocence ;p

Subscribe 0
160